گجرات میں این سی پی کے ساتھ کانگریس کے اتحاد کا امکان نہیں

لوک سبھا انتخابات کا پروگرام آنے کے بعد ہی گجرات میں کانگریس کے امیدواروں کا اعلان ہوگا:راجیو ساتو
احمدآباد،27فروری(سیاست ڈاٹ کام)مہاراشٹر میں شرد پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) کے ساتھ الیکشن سے پہلے اتحاد کا اعلان کرچکی کانگریس نے آج کہا کہ پڑوسی ریاست گجرات میں ایسے اتحاد کا امکان نہیں ہے ۔ گجرات کانگریس کے ریاستی انچارج راجیو ساتو ،جو خود مہاراشٹر سے رکن پارلیمنٹ ہیں،نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں تقریباً آدھی سیٹوں کے بٹوارے کے فارمولے کی بنیاد پر ہونے والے اتحاد کے باوجود گجرات میں ایسا کوئی امکان نہیں ہے ۔پارٹی کی ریاستی اکائی کے سامنے اب تک ایسی کوئی تجویز نہیں آئی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں گجرات میں این سی پی اور کانگریس کے اتحاد کے باوجود سبھی 26سیٹیں جیت لی تھیں۔بہت تلخی کے درمیان کانگریس چھوڑنے والے سابق وزیراعلی شنکر سنگھ واگھیلا کے حال ہی میں این سی پی میں شامل ہونے کے بعد سے ہی اس طرح کے قیاس لگائے جارہے تھے کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان گجرات میں اتحاد نہیں ہوگا۔ اس دوران لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان انتخابات کے پروگرام کا اعلان ہونے کے بعد ہی کرے گی۔ پارٹی کے ریاستی انچارج راجیو ساتو نے آج یہاں نامہ نگاروں کو یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ممکنہ ناموں کی فہرست تقریباً تیار ہے ۔اسے ریاستی انتخابات کمیٹی نے تیار کرلیا ہے اب یہ سلیکشن کمیٹی یعنی اسکریننگ کمیٹی سے گزرنے کے بعد سینٹرل الیکشن کمیٹی کے پاس جائے گی جس کے بعد ناموں کا اعلان ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گجرات میں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں چونکہ سیٹوں کی تعداد اور آخری دور تک پہنچے ممکنہ امیدواروں کی تعداد ،دونوں ہی لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں کافی زیادہ تھی اس لئے تب امیدواروں کے نام کے اعلان میں امید سے کچھ زیادہ تاخیر ہوگئی تھی لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا۔اس بار صرف 26سیٹیں ہیں اور ہر ایک سیٹ پر صرف دو سے تین ہی ممکنہ امیدوار ہیں۔ اس دوران ذرائع نے بتایا کہ پارٹی نے ریاست کی کل 26سیٹوں میں سے بھروچ کو چھوڑ کر دیگر پر اپنے ممکنہ امیدواروں کی فہرست کو تقریباً حتمی شکل دے دی ہے ۔بھروچ سیٹ پر پارٹی کے قومی خزانچی احمد پٹیل کے کھڑے ہونے کا امکان ہونے کی وجہ سے اب تک اس سیٹ پر کوئی فیصلہ نہیں ہوپایا ہے ۔