گجرات فسادات پر عوام سے معذرت خواہی پر زور

اسلام کی اہمیت کو پہچاننے والے وزیر اعظم کو ایم اے خان کانگریس رکن راجیہ سبھا کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر ایم اے خاں نے اسلام کی اہمیت کو پہچاننے والے وزیر اعظم نریندر مودی کو گجرات فسادات پر اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے ملک کے عوام سے معذرت خواہی کرنے پر زور دیا ۔ مسٹر ایم اے خان نے اسلام مساوات ، انسانیت ، اخوت بھائی چارگی کی دعوت دینے والا مذہب ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مذہب اسلام کو سمجھنے میںکافی تاخیر کردی ہے ۔ پھر بھی دیر آئے درست آئے ۔ نریندر مودی نے اپنے ریڈیو پروگرام ’من کی بات ‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوفی ازم میں اسلام کی حقیقی تصویر ملتی ہے ۔ مسٹر ایم اے خان نے کہا کہ نریندر مودی اسلامی حقیقت کو جان گئے ہیں تو وہ بی جے پی کی قومی عاملہ ، پارلیمنٹری کمیٹی اور آر ایس ایس و وشوا ہندوپریشد کے اجلاسوں میں بھی اسلامی تعلیمات کے بارے میں بی جے پی اور ہندوتوا طاقتوں کو بھی اس کے بارے میں معلومات فراہم کریں ۔ اسلام کو لے کر ان میں جو غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں اس کو دور کرنے کی خود وزیر اعظم ذمہ داریاں قبول کریں ۔ گجرات میں پٹیل برادری کے کوٹہ احتجاج میں معمولی تشدد اور چندافراد کے ہلاک ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ گجرات فسادات میں مسلمانوں کی نسل کشی ہوئی ہے ۔ خواتین پر بیجا ظلم و ستم ڈھائے گئے بچے بڑے سب کا بے رحمانہ قتل کیا گیا ہے ۔ کئی مسلمانوں کو لوٹ لیا گیا ہے ۔ کئی گھروں کو آگ لگادی گئی ہے ۔ اس پر بھی وزیر اعظم تشویش کا اظہار کریں اور قوم سے معذرت خواہی کریں ۔ مسلمانوں کی بربادی کے ذمہ دار رہنے والے افراد کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتیں اور نہ ہی انہیں کوئی قانونی معلومات فراہم کریں ۔ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی سیکولرازم کی علمبردار ہیں وہ نہ صرف تمام مذاہب کا احترام کرتی ہیں بلکہ پارٹی کے تمام قائدین کو اپنے اپنے مذہب کی تبلیغ کرتے ہوئے دوسرے مذاہب کا احترام کرنے کی تلقین کرتی ہیں ۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی سیکولرازم کو مستحکم کرتے ہیں اور دستورہند کا احترام کرتے ہیں اس کا ملک میں عوام کے درمیان مثبت پیغام پہونچے گا ۔۔