گاڑیوں کی ’ نو پارکنگ ‘ زون میں پارک کرنے پر بھاری جرمانہ

حیدرآباد۔31 مارچ (سیاست نیوز) شہر میں اب ’نو پارکنگ ‘ یا غلط پارکنگ پر 1000 روپئے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کی سڑکوں پر غلط پارکنگ کا ارتکاب کرنے والے افراد کو بھاری جرمانے عائد کرنے کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ بہت جلد اس پر عمل آوری شروع کردی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق شہر کے بعض علاقو ںمیں تجرباتی اساس پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کی شروعات کی جا چکی ہے اور اس کے بہتر نتائج برآمد ہونے لگے ہیں ۔ محکمہ ٹریفک پولیس اب غلط پارکنگ والی گاڑیوں کو اٹھاتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقلی کا عمل بند کردے گی اور جلد ہی سارے شہر میں یہ سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ گاڑیوں کی منتقلی کے بجائے غلط پارکنگ کی تصویر کشی اور نو پارکنگ میں کھڑی کردہ گاڑیوں کی تصویر کشی کے ذریعہ انہیں ای۔چالان روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے غلط پارک کی جانے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی جانب سے باضابطہ مہم شروع کردی گئی ہے اور اس مہم کے دوران غلط مقام پر گاڑی پارک کئے جانے پر 1000 روپئے تک چالانات وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی سی پی ٹریفک مسٹر رنگا ناتھ نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کو دور کرنے اور ٹریفک بہاؤ کو آسان بنانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ نو پارکنگ میں پارک کی جانے والی تمام گاڑیوں کو چالان کی مہم شروع کی جائے تاکہ اس طرح کی غلطیوں کا ارتکاب کرنے والے چوکنا ہو جائیں اور دوبارہ اس طرح سے گاڑیاں نہ پارک کریں جو دوسروں کے لئے تکلیف دہ ہوں۔ٹریفک پولیس کی جانب سے شروع کردہ اس مہم کے تعلق سے شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی مہم پارکنگ کے لئے جگہ کی فراہمی کے بعد چلائی جانی چاہئے کیونکہ اس طرح کی مہم اسی وقت ممکن ہے جب شہر میں پارکنگ کے لئے جگہ موجود رہے۔ دونو ں شہر وں میں پارکنگ کیلئے جگہ کی عدم موجودگی کے سبب پیدا شدہ صورتحال کی وجہ سے ہی شہری جہاں جگہ ملے وہاں گاڑیاں پارک کرتے ہیں ۔ شہریوں نے اس بات کی بھی شکایت کی کہ خانگی پارکنگ کی جگہوں پر من مانی پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے اور اس من مانی سے بچنے کیلئے گاڑیاں سڑک کے کنارے دستیاب جگہ پر پارک کی جاتی ہیں اگر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے پارکنگ کی جگہ فراہم کی جاتی ہے تو شہریوں کو سہولت حاصل ہوگی ۔