گاڑیوں پر تھرڈ پار ٹی انشورنس میں آج سے غیر معمولی اضافہ

نئی دہلی۔ 31 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام)گاڑی کے مالک ہونا جیب پر مزید بوجھ بن سکتا ہے کیونکہ حکومت نے ٹو وہیلرس ، خانگی کاروں اور بڑی گاڑیوں کے تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس میں کل سے اضافہ کردیا ہے۔ انشورنس ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ یکم اپریل 2015 ء سے تھرڈ پارٹی انشورنس پریمیم میں اضافہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 3 سال کے وقفہ کے بعد نظرثانی کی گئی۔ ریگولیٹری اتھاریٹی نے 9 مارچ کو تھرڈ پارٹی پریمیم میں غیر معمولی اضافہ کی تجویز پیش کی تھی۔ واضح رہے کہ گاڑی کے مالک کو تھرڈ پارٹی انشورنس حاصل کرنا لازمی ہے تاکہ زخمی یا موت کی صورت میں دوسروں کو انشورنس دائرہ کار میں شامل کیا جاسکے۔

اسرائیلی سفارتخانہ پر حملہ، جرنلسٹ کے اثاثے قرق
نئی دہلی ۔31 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام)انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے رقمی خرد برد کی تحقیقات کے حصہ کے طور پر آج جرنلسٹ سید محمد احمد کاظمی کے مکان سے ضبط کی گئی غیر ملکی کرنسی اور گاڑیوں کو قرق کرلیا۔ یہ جرنلسٹ اسرائیلی سفارت خانہ کی گاڑی پر حملے سے متعلق مقدمہ میں ملزم ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے دہشت گردی کیلئے مالیہ فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ضبط کی گئی 1250 امریکی ڈالر کی رقم، ایک ٹو وہیلر اور ماروتی آلٹو کار قرق کرلی۔