گاندھی نگر میں 2پجاریوں کا بہیمانہ قتل پولیس کو پرانی خصو مت کا شبہ

احمد آباد۔/27ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ضلع گاندھی نگر کے موضع سیج میں واقع سدھانت مہادیو مندر کے 2پجاریوں کو نامعلوم افراد نے زدوکوب کرکے ماردیا۔ پولیس نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ اگرچیکہ پولیس نے کل شب دو ہرے قتل کے بعد نقد رقم کے ساتھ حملہ آور فرار ہونے میں لوٹ مار اور قتل کیس درج کیا ہے لیکن پولیس نے پرانی خصومت کے زاویہ کو بھی مسترد نہیں کیا۔گاندھی نگر میں کلولہ تعلقہ کے موضع سیج (Saij) میں یہ مندرو آشرم واقع ہے اور مہلوکین کی بحیثیت اصل پجاری ( مہنت ) دلیپ گری مہاراج اور ان کے نائب ایشورون مہاراج عمر 52-55 سال شناخت کرلی گئی۔ پولیس انسپکٹر آر آر چودھری نے بتایا کہ مندر میں محو خواب دونوں پجاریوں پر آہنی سلاخوں سے حملہ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ تاہم حملہ آور قتل کے بعد دونوں پجاریوں کا مال و اسباب لے کر فرار ہوگئے تاکہ یہ ظاہر کیا جاسکے کہ مذکورہ قتل دراصل لوٹنے کیلئے کیا گیا ہے۔ لیکن پولیس تحقیقات میں پتہ چلا کہ حملہ آوروں نے صرف نقد رقم لے کر سونے چاندی کے زیورات چھوڑ دیئے ہیں جس کے باعث پولیس کے شبہ کو تقویت حاصل ہوئی ہے کہ یہ قتل پرانی خصومت کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔ دریں اثناء ضلع گاندھی نگر کے ایس پی ویریندر سنگھ یادو نے بتایا کہ دونوں پجاریوں کو حالت نیند میں ماردیا گیا جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ یہ کام اندر کے آدمی کا ہوسکتا ہے۔ یہ لوٹ مار کا واضح کیس نہیں ہے اور حملہ آور پہلے ہی سے پجاریوں سے واقف تھے کیونکہ جرم کے ارتکاب میں کوئی زور زبردستی نہیں کی گئی ہے۔