گاندھی خاندان کے آگے کوئی نہیں ٹک سکتا : کانگریس

نئی دہلی 12 جنوری ( پی ٹی آئی ) کانگریس نے آج کہا کہ گاندھی خاندان کو امیٹھی کے عوام کی تائید حاصل ہے اور کسی کو بھی انتخابات میں وہاں ٹکنے کا موقع نہیں مل سکتا ۔ واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس نے امیٹھی میں اپنی مہم شروع کردی ہے ۔ کانگریس لیڈر راجیو شکلا نے کہا کہ گاندھی خاندان نے جس طرح سے امیٹھی میں خدمات انجام دی ہیں ان کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا کہ امیٹھی کے عوام گاندھی خاندان کے ساتھ ہیں اور ان کے مقابلہ میں وہاں کوئی نہیں ٹک سکتا۔

بہار میں اتحاد کے مسئلہ پر کانگریس پس و پیش کا شکار
نئی دہلی ؍ پٹنہ 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس پارٹی ایسا لگتا ہے کہ بہار میں انتخابی مفاہمت کے مسئلہ پر پس و پیش کا شکار ہے حالانکہ پارٹی کے سینئر قائدین نے آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو اور ایل جے پی کے سربراہ رام ولاس پاسوان سے گذشتہ دنوں میں ملاقات کی تھی ۔ ذرائع نے کہا کہ بہار میں پارٹی کے حلقوں کا احساس ہے کہ کانگریس کو آر جے ڈی کے ساتھ اتحاد کرنا چاہئے تاہم راہول گاندھی سے قربت رکھنے والے کچھ قائدین لالو پرساد یادو کو چارہ اسکام میں سزا کے بعد اس اتحاد کے تعلق سے کوئی قطعی فیصلہ نہیں کر پا رہے ہیں۔ اس دوران آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے کانگریس اور دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے بارے میں تبصرے سے انکار کیا لیکن انہوں نے عام آدمی پارٹی کو جمہوریت کا مذاق بنانے پر تنقیدوں کا نشانہ بنایا ۔

پارٹی میں مختلف خیال رکھنے والوں کا احساس ہے کہ داغدار قانون سازوں کے آرڈیننس کے تعلق سے راہول گاندھی کے ریمارکس ‘ مہاراشٹرا میں آدرش اسکام رپورٹ کو مسترد کرنے پر برہمی کے بعد سے راہول گاندھی کو انسداد کرپشن کی مہم میں اہم سمجھا جارہا ہے اور اگر پارٹی ایسی صورت میں لالو پرساد یادو سے اتحاد کرتی ہے تو اس کو نقصان ہوسکتا ہے ۔ بعض قائدین کا یہ ماننا ہے کہ جنتادل یونائیٹیڈ کے ساتھ اتحاد کے حامی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ نتیش کمار نے بی جے پی سے علیحدگی اختیار کرلی ہے ایسے میں ان کی پارٹی سے اتحاد کیا جاسکتا ہے ۔