گاندھی جی کے پوتے کی عام آدمی پارٹی میں شمولیت

نئی دہلی۔/21فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کو آج ایک اور استحکام حاصل ہوا جب مہاتما گاندھی کے پوتے راج موہن گاندھی نے عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کرپشن کی سخت مخالف ہے اور یہی وہ چیز ہے جس کی وجہ سے وہ اس پارٹی کی جانب راغب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غریبوں اور امیروں کے درمیان زبردست خلیج پائی جاتی ہے جس کے اثرات غریبوں پر بہت زیادہ محسوس کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ایک عام آدمی سیاست کا حصہ بن جائے تو ان کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا جانا چاہیئے۔78سالہ راج موہن گاندھی جنہوں نے آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی کے خلاف امیٹھی سے مقابلہ کیا تھا ، نے عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

عام آدمی پارٹی بڑی طاقت بن کر ابھرے گی
ہندوستان کو مضبوط قیادت کی ضرورت، ماہر معاشیات امرتیہ سین کا بیان
نئی دہلی ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کی زبردست ستائش کرتے ہوئے نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات امرتیہ سین نے آج کہا کہ دہلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد عام آدمی پارٹی نے یہ ثابت کردیا ہیکہ وہ ملک کی سب سے بڑی طاقتور پارٹی بن کر ابھرے گی۔ ہندوستان کو اس وقت نیک ارادوں والی مضبوط قیادت کی ضرورت ہے۔ اروند کجریوال کی زیرقیادت عام آدمی پارٹی ہندوستان میں سب سے بڑی سیاسی قوت بن سکتی ہے۔ امرتیہ سین نے سی این بی سی ٹی وی 18 کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آپ یہ توقع کررہے ہیں کہ پارٹی فوری طور پر طاقتور بن کر کیسا ابھرے گی۔ مجھے یقین ہیکہ عام آدمی پارٹی کو جو کچھ تجربہ حاصل ہوا ہے اسی کی بدولت وہ ہندوستان میں بڑی قوت بن جائے گی۔ اس کی ترجیحی پالیسیاں ہی اسے کامیابی سے ہمکنار کرے گی۔ امرتیہ سین نے مزید کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکمت عملی کی وجہ سے دہلی انتخابات میں کامیابی ملی ہے۔