گانجہ کی فروخت ، بی فارمیسی کا طالب علم گرفتار

حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں گانجہ کی غیر قانونی منتقلی اور کاروبار میں ملوث بی فارمیسی کے طالبعلم اور روڈ شیٹر کو ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا۔ 22 سالہ جی راکیش جو سہسرا انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکلس، ورنگل کا سال دوم کا طالب علم ہے جو تنگدستی کا شکار تھا اور روپئے کمانے کیلئے گانجے کی منتقلی کے کاروبار میںملوث ہوگیا ۔ وجئے واڑہ کے کرشنا راو کی ایماء پر حیدرآباد گانجہ منتقل کیا کرتا تھا۔ ہر چکر پر 2000 روپئے کمیشن وصول کرتا تھا ۔ وہ اپنے مستقل گاہکوں بشمول منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر دیویندر سنگھ عرف ببلو اور سنجو کو گانجہ فروخت کیا کرتا تھا ۔ دیویندر سنگھ نے راکیش کو 7 کیلو گانجہ کا آرڈر دیا اور کرشنا راو نے راکیش کو 22 کیلو گانجہ پر مشتمل دو بیاگس دیا۔ راکیش بذریعہ بس ہنمکنڈہ سے افضل گنج پہنچ کر دیویندر سنگھ کو ایک گانجہ کا بیاگ حوالے کیا اسی دوران ٹاسک فورس نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے گانجہ برآمد کرتے ہوئے ان کیلئے خلاف مزید کارروائی کیلئے افضل گنج پولیس کے حوالے کردیا ۔