گانجہ کی اسمگلنگ‘3رکنی ٹولی گرفتار

حیدرآباد 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس اور منگل ہاٹ پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں گانجے کی اسمگلنگ میں ملوث تین رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضے سے 10 کیلو گانجہ برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ انوپ سنگھ اپنے ساتھیوں 20 سالہ شیلندر سنگھ، 25 سالہ راہول سنگھ اور 22 سالہ گنپتی سنگھ ساکنان منگل ہاٹ غیر قانونی طور پر گانجے کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ٹاسک فورس پولیس نے منگل ہاٹ پولیس کی مدد سے انوپ سنگھ کو حراست میں لے لیا اور اُس کی تفتیش کے دوران پولیس کو اِس بات کا علم ہوا کہ وہ اپنے ساتھی گنپتی سنگھ کی مدد سے گانجے کا کاروبار شروع کیا اور وشاکھاپٹنم کے ایجنسی علاقے پڈیرو سے کم قیمت پر گانجہ حاصل کرتے ہوئے اُسے شہر منتقل کرنے کے بعد دوگنی قیمت میں فروخت کررہا تھا۔ 10 دن قبل انوپ سنگھ نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے 10 کیلو گانجہ وشاکھاپٹنم سے اسمگلنگ کروایا اور اس کے عوض اپنے ساتھیوں کو 40 ہزار روپئے حوالے کئے۔ ٹاسک فورس نے اِس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے تین اسمگلروں کو گرفتار کرلیا جبکہ گنپتی سنگھ مفرور ہے۔