گانجہ فروخت کرنے والی تین رکنی ٹولی گرفتار

حیدرآباد ۔ /26 مارچ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گانجہ فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے تین رکنی ٹولی کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے ممنوعہ منشیات برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 37 سالہ کے سرینواس ریڈی اور اس کے دو ساتھی جی شیٹی جگدیش اور جی موہن کی مدد سے شہر میں گانجہ فروخت کررہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سرینواس ریڈی جس کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع مشرقی گوداوری سے ہے سابق میں فینانس کا کاروبار کیا کرتا تھا اور نقصان کے باعث وہ بیروزگار ہوگیا تھا ۔ سرینواس ریڈی نے ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے جی شیٹی جگدیش سے ملاقات کی اور جاریہ سال جنوری میں آندھراپردیش کے شہر وشاکھاپٹنم سے غیرقانونی طور پر گانجہ حاصل کرکے اسے شہر منتقل کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ سرینواس ریڈی نے 6 ہزار روپئے فی کیلو گانجہ حاصل کرنے کے بعد اسے بذریعہ آر ٹی سی بس شہر منتقل کررہا تھا کہ ٹاسک فورس پولیس نے اسے نارائن گوڑہ فلائی اوور برج کے قریب گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس نے مذکورہ افراد کے قبضے سے 40 کیلو گانجہ اور 5 موبائیل فون برآمد کرلئے ۔