گاجر کے فوائد

گاجر دنیا کے تمام ممالک میں بہت ہی پسندیدہ سبزی تصور کی جاتی ہے اور یہ بہت مقوی غذا ہے۔ گاجر کی پتیوں میں بھی پروٹین، معدنیات اور وٹامنز وافر مقدار میں ہوتے ہیں جو صحت کے لئے بہت مفید ہوتے ہیں۔ گاجر کی دو اقسام ہیں۔ ایک ایشیائی گاجر ہوتی ہے جو لمبی، گہرے رنگ کی اور میٹھی ہوتی ہے جبکہ دوسری یوروپی گاجر ملائم جلد والی اور کم ریشے کے ساتھ بہتر جسامت کی حامل تصور کی جاتی ہے۔ گاجر وٹامن اے کا بہت ہی اچھا ذریعہ ہے۔ اس کے علاوہ اس میں وافر مقدار میں سوڈیم، سلفر، کلورین اور آیوڈین ہوتا ہے۔ گاجر کا استعمال صرف بینائی تیز کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا بلکہ اس کے کئی اور طبی فوائد بھی ہیں۔ گاجر کا رس ناخن، بال، دانت اور ہڈیوں کے لئے انتہائی مفید ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گاجر میں وٹامن اے، بی اور سی سمیت کئی ایسے قدرتی اجزاء پائے جاتے ہیں جو انسانی صحت کے لئے انتہائی اہم اور فائدہ مند ہیں۔ ماہرین کے مطابق روزانہ گاجر کا رس پینے سے نہ صرف جگر کا نظام بہتر ہوتا ہے بلکہ یہ کینسر کی رسولیوں کی افزائش روکنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ گاجر کا استعمال پیٹ اور دل کی بیماریوں کو بھی دور رکھتا ہے۔ گاجر کا حلوہ دماغی اور جسمانی طاقت کے لئے بہت مفید ہے۔ گاجر میں تمام سبزیوں کی غذائیت پائی جاتی ہے۔