گاجر کی سلاد

اجزاء : گاجر پانچ عدد (چھیل کر کدوکش کرلیں)، کینویانارنگی ایک عدد (چھیل کر گودا اور جوس نکال لیں)، پانچوں مغزیات 50 گرام ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، مسٹرڈپیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، شہد ایک کھانے کا چمچہ، سفید سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، اولیوآئیل چار کھانے کے چمچے۔ ہرا دھنیا (باریک کترا ہوا) دو کھانے کے چمچے، پودینہ (باریک کترا ہوا) دو کھانے کے چمچے۔
ترکیب : گاجروں کو ایک بڑے پیالے میں کینو کے گودے اور جوس کے ساتھ مکس کریں۔ پھر اس میں پانچوں مغز بھی شامل کردیں۔

زیرے کو فرائنگ پین میں بغیر آئل لگائے ہلکا سا بھونیں اور ٹھنڈا ہونے پر نمک کے ساتھ موٹا موٹا کوٹ کر سلاد میں ملا دیں۔ اب ایک دوسرے پیالے میں شہد، سرکہ، اولیوآئل اور مسٹرڈپیسٹ کو آپس میں اچھی طرح مکس کریں اور اس میں ہرادھنیا، پودینہ بھی ملادیں۔ اس مکسچر کو سلاد کے اوپر انڈیلیں اور اچھی طرح مکس کریں۔ سلاد کو چکھ کر دیکھیں، اگر نمک یا سیاہ مرچ شامل کرنے کی ضرورت محسوس کریں تو حسب ذائقہ یہ دونوں اجزاء شامل کرلیں۔ افادیت سے بھرپور گاجر کی سلاد تیار ہے۔ تازہ گاجروں اور کینوکے موسم میں اسے ضرور بنا کر کھائیں۔