گائے کے بہانے بڑے جانوروں کی منتقلی میں رکاوٹوں کی شکایت

حیدرآباد ۔ 29ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) بڑے جانوروں کے خلاف شرپسند عناصر کی سازش اور پولیس مسئلہ کی مبینہ خاموشی و ہراسانی کے خلاف جمعیت القریش نے اپنا شدید احتجاج درج کروایا ہے ۔ کل ہند جمعیت القریش حیدرآباد کے وفد نے آج چیف منسٹر تلنگانہ اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ سے ملاقات کی اور گائے کے نام پر بڑے جانوروں اور تاجرین کے خلاف جاری ہراسانی کی شکایت کی ۔ صدر حیدرآباد جناب محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل کی زیرصدارت وفد نے اپنی یادداشت پیش کی اور بتایا کہ گائے کے نام پر ہراسانی کی جارہی ہے جبکہ گائے کو نہیں بلکہ بیل اور بھینسوں کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ سرکاری احکامات اور پولیس کے رہنمایانہ خطوط کو جاری کرنے کے بعد گائے کی منتقلی پر مکمل پابندی عائد ہے اور کوئی بھی تاجر یافرد گائے کو منتقل نہیں کررہا ہے اور نہ ہی خرید رہا ہے ۔ باوجود اس کے تلنگانہ کے سرحدی اضلاع اور شہر آنے والے راستوں پر شرپسند عناصر بڑے جانوروں کو منتقل کرنے والی گاڑیوں کو روک رہے ہیں اور تاجرین کو ہراساں کررہے ہیں جبکہ پولیس ان شرپسند عناصر کی مددگار بنی ہوئی ہے ۔ جناب محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل نے اپنے بیان میں افسوس کااظہار کیا اور بتایا کہ اس طرح ہراسانیوں کے خلاف انھوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے نمائندگی کی جناب محمد سلیم کے مطابق چیف منسٹر مسٹر کے چندراشیکھر راؤ نے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس انوراگ شرما کو ہدایت دی اور کہا کہ بڑے جانوروں کو جس میں گائے شامل نہیں ہے ان کی منتقلی میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آنی چاہئے۔ چونکہ یہ عید کا معاملہ ہے لہذا اقلیتوں کو کوئی پریشانی نہ ہو جس کے بعد جمعیت القریش کے وفد نے ڈی جی پی کے دفتر پہونچکر ان سے ملاقات کی اور سرحدی اضلاع پر مشتمل آرہی مشکلات کا تذکرہ کیا اور تفصیلات بتائی ۔ جناب محمد سلیم نے بتایا کہ ان کی نمائندگی پر ڈی جی پی تلنگانہ نے اضلاع کھمم ورنگل نلگنڈہ کے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے علاوہ حیدرآباد کے اطراف بھی چیک پوسٹ پر زیادتی کو روکنے کے احکامات جاری کئے ۔ اس وفد میں جنرل سکریٹری محمد منیر ، فرید قریشی ، عثمان الہاجری ، محمد محبوب علی کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔