گائے کی خرید و فروخت سے احتراز کرنے کی اپیل

قربانی کے جانوروں کے فضلہ کی بلدیہ کی گاڑیوں سے صفائی :ضلع ایس پی ایم سرینواس

عادل آباد۔ 31 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بڑے جانوروں میں گائے کی منتقلی خرید و فروخت سے گریز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ضلع ایس پی ایم سرینواس نے گائے کی قربانی پر جہاں ایک طرف پابندی عائد کیا، وہیں دوسری طرف قربانی کے جانوروں کا ملبہ (غیراستعمال شدہ اشیاء) حفاظت کے ساتھ بلدیہ کی جانب سے مقرر کردہ ٹریکٹروں میں ڈالنے کا مشورہ دیا۔ مستقر عادل آباد کے اے آر ہیڈکوارٹر کے پولیس کانفرنس ہال میں ضلع ایس پی ایم سرینواس ائمہ مساجد، مساجد انتظامی کمیٹی صدور، جمعیتہ العلماء قائدین کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مخاطب تھے۔ عید و گنیش تہوار کی بناء قربانی کا نظم کسی دوسرے طبقہ کے افراد کو ٹھیس پہنچائے بغیر کرنے کی خواہش کی۔ اس موقع پر ضلع ایس پی نے بلدیہ عہدیداروں سے قربانی کا ملبہ منتقل کرنے کی تفصیلات کو دریافت کیا جس پر سینیٹری انسپکٹر محمد ایاز نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سال گزشتہ کی بہ نسبت جاریہ سال چار عدد ٹریکٹرس کا اضافہ کیا گیا۔ جملہ 12 ٹریکٹرس بلدیہ کے 36 وارڈز میں 6 بلدی جوانوں کی نگرانی میں قربانی کے ایام میں رات 12 بجے تک صفائی نظام پر کارکرد رہیں گے جبکہ جاوا صدر فیاض احمد شمع نے اپنی جانب سے رضاکارانہ طور پر 2 ٹریکٹرس مفت فراہم کرنے سے اتفاق کیا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس قائد یونس اکبانی نے قربانی کا نظم تین دن برقرار رہنے سے ضلع ایس پی کو واقف کراتے ہوئے جمعہ کے دن مساجد میں ائمہ کی جانب سے قربانی کسی دوسرے فرقہ کے جذبات کو مجروح کئے بغیر بہتر انداز میں کرنے مصلیوں کو بیان کے ذریعہ واقف کرانے پر زور دیا۔ اس موقع پر جمعیتہ العلماء قائدین میں مولانا سید شبیر احمد قاسمی، مولانا عثمان قاسمی، حافظ منظور احمد، مولانا اکبرالدین حسامی، حافظ عبدالجبار، حافظ ابوبکر نے ضلع ایس پی کو جمعہ میں قربانی کے موضوع پر بیان کرنے کی ایک کاپی پیش کی۔ نائب صدر بلدیہ فاروق احمد، ٹی آر ایس قائدین سید ساجد الدین، محمد ظہور احمد، سراج قادری، مجاہد شاہ، احمد خان، ذوالفقار عالم، قاضی شمس الدین، محمد وقار احمد، جامع مسجد امام مفتی ضمیر احمد، عبدالعزیز قاسمی کے علاوہ کمشنر بلدیہ ایم پرساد، تحصیلدار ورتا، سرکل انسپکٹرس، آر ڈی او شنکر بھی موجود تھے۔ اس اجلاس کی کارروائی ڈی ایس پی لکشمی نارائنا نے چلائی۔