گاؤ رکشا کے نام پر غنڈہ گردی اور لاقانونیت ناقابل قبول

فرقہ پرستوں کو پولیس کی پشت پناہی افسوسناک : نیشنل کانفرنس
سری نگر29جون (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے گاو رکشا کے نام پر بقول اُن کے غنڈہ گردی اور لاقانونیت پر زبردست برہمی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ پی ڈی پی بی جے پی حکومت کی مہربانی سے اب یہ وباء رام بن تک پہنچ گئی ہے اور کل جس طرح سے سری نگر جموں شاہراہ پر ان بے لگام غنڈوں اور شر پسندوں نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں ٹرک نذر آتش کیا اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ قلم دوات جماعت کی سرکار میں ان فرقہ پرستوں کی کس قدر پشت پناہی اور حوصلہ افزائی کی گئی ہے ۔ڈاکٹر کمال نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے کئی بار ایسے واقعات کو ناجائز قرار دیا لیکن زمینی سطح پر ان غنڈوں اور شرپسندوں کی لگام کسنے کے لئے کچھ بھی نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اگر ریاستی حکومت نے وقت پر ان غنڈوں اور شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی ہوتی تو شاید کل کا واقعہ پیش نہیں آتا۔ انہوں نے کہا’ پی ڈی پی کی سربراہی والی حکومت نے ہمیشہ ایسے واقعات کی جانب اپنی آنکھیں موند کے رکھی اور چُھپی سادھ کے رکھی اور آج حالات اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ یہ فرقہ پرست عناصر سیکورٹی فورسز اور پولیس کی موجودگی میں شرپسندانہ کارروائیاں کررہے ہیں’۔ڈاکٹر کمال نے گورنر انتظامیہ اور پولیس سربراہ سے پُرزور اپیل کی کہ ان عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔