کے چندر شیکھر راؤ مقبول ترین چیف منسٹر

یوم تاسیس تلنگانہ پر تلنگانہ بھون میں اجلاس ، وزراء کا خطاب
حیدرآباد۔ 30۔ مئی  ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر گریٹر حیدرآباد میں تقاریب کے انعقاد کیلئے تلنگانہ بھون میں آج گریٹر ٹی آر ایس قائدین کا اجلاس منعقد ہوا ۔ ریاستی وزراء ٹی سرینواس یادو ، ای راجندر ، این نرسمہا ریڈی ، مہیندر ریڈی کے علاوہ میئر رام موہن اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں گریٹر حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقوں کے انچارج پارٹی قائدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی جانب سے یوم تاسیس تقاریب بڑے پیمانہ پر منعقد کی جائے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں مختلف تقاریب کے انعقاد کے ذریعہ یوم تاسیس کا جشن منایا جائے۔ ٹی آر ایس حکومت کے کارناموں اور حکومت کی فلاحی و ترقیاتی اسکیمات سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔ ٹی آر ایس کے گریٹر حیدرآباد صدر ایم ہنمنت راؤ نے اجلاس کی صدارت کی۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ عوام کی حکومت کو مکمل تائید حاصل ہے۔ حکومت نے گزشتہ دو برسوں کے دوران عوامی بھلائی کے جو اقدامات کئے تھے ، اس کی مثال کوئی اور حکومت پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ اسکیمات کی دھوم ہے۔ سرینواس یادو نے حالیہ عرصہ میں مقبول چیف منسٹرس کے سروے کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملک بھر میں مقبول ترین چیف منسٹر کی حیثیت سے منتخب ہوئے ہیں۔ ان کی مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹی آر ایس حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے وقف ہوچکی ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا گیا اور ہر شعبہ میں ریاست کی کارکردگی دیگر ریاستوں سے بہتر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے گریٹر حیدرآباد کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ حیدرآباد کو گوداوری سے پانی سربراہ کرنے کی اسکیم شروع کی گئی۔ سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت کی مقبولیت کے سبب گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کو 99 نشستیں حاصل ہوئیں جو بلدیہ کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ ریاستی وزراء نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں یوم تاسیس تقاریب کا انعقاد عمل میں لائیں ۔