کے ٹی آر کو پیداماں گڑی مندر میں قسم کھانے ہنمنت رائو کا چیلنج

خانگی کمپنی سے تعلق نہ ہونے کے کا دعوی مسترد
حیدرآباد۔29 اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے کے ٹی راما رائو کو چیلنج کیا کہ وہ کل پیداماں گڑی مندر آکر اس بات کا اعلان کریں کہ گلوبرینا کمپنی سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ کے ٹی آر انٹرمیڈیٹ نتائج میں دھاندلیوں کے انکشاف کے بعد گلوبرینا کمپنی سے دامن بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آئی ٹی کمپنی گلوبرینا سے وہ واقف تک نہیں ہیں۔ ہنمنت رائو نے سوال کیا کہ کے ٹی آر پانچ برسوں تک وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی رہے لیکن وہ کس طرح گلوبرینا آئی ٹی کمپنی سے ناواقف ہیں۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ کمپنی سے لا تعلقی اور لاعلمی کے بارے میں کے ٹی آر پیداماں گڑی مندر آکر قسم کھائیں۔ انہوں نے کے ٹی آر سے کہا کہ وہ بروز منگل کو 12 بجے دن پیداماں گڑی مندر آئیں بشرطیکہ وہ اپنے دعوے میں سچے ہوں۔ اگر وہ مندر نہیں آئیں گے تو یہ سمجھا جائے گا کہ گلوبرینا کمپنی سے ان کے روابط ہیں۔ ہنمنت رائو نے الزام عائد کیا کہ حکومت طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کررہی ہے۔ نتائج میں دھاندلیوں کے بعد 20 سے زائد طلبہ نے خودکشی کرلی لیکن چیف منسٹر کو کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ کے سی آر کے پاس سوامی سے ملاقات کے لیے وقت ہے لیکن طلبہ کے پسماندگان سے ملاقات کے لیے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتائج میں بے قاعدگیوں سے طلبہ کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے خانگی کمپنی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔