کے ٹی آر نے ایوانکا کی دعوت قبول کرلی

آئندہ سال 12 فبروری کو دورہ امریکہ ۔ سکریٹری محکمہ آئی ٹی کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے وائیٹ ہاوز کی مشیر ایوانکا ٹرمپ کی دعوت قبول کرلی ۔ 12 فروری 2018 کو دورہ پر امریکہ کے ٹی آر روانہ ہوں گے ۔ گلوبل انٹرپرینیر سمٹ کے انعقاد میں سرگرم رول اور کے ٹی آر کے حسن اخلاق اور کارکردگی سے متاثر صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ نے انہیں امریکہ آنے کی دعوت دی تھی ۔ جس کو کے ٹی آر نے قبول کرلیا ۔ محکمہ آئی ٹی کے سکریٹری جیش رنجن نے بتایا کہ ہاروڈ یونیورسٹی کے پروگرام میں شرکت کرنے وزیر آئی ٹی کے ٹی آر ایک وفد کے ساتھ 12 فروری 2018 کو امریکہ روانہ ہورہے ہیں ۔ وہ ایوانکا ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کانفرنس سے ایوانکا بہت متاثر ہوئی ہیں ۔ یہ کانفرنس ہند امریکی تعلقات کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوئی ۔ جیش رنجن نے کہا کہ کانفرنس میں 300 وینچر سرمایہ داروں نے حصہ لیا ۔ حیدرآباد کے علاوہ یہاں کی کمپنیوں پر اعتماد کا اظہار کیا جس سے تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔ ایوانکا کے دو روزہ دورے سے ساری دنیا کی نظریں حیدرآباد پر ٹکی ہوئی تھی ۔