کے سی آر اور جگن سے این ڈی اے کی تائید کی اپیل

ملک میں کسی اور گٹھ بندھن کی اب کوئی جگہ نہیں ۔ مرکزی وزیر اٹھاولے کا بیان

حیدرآباد 2 جون ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر و ریبپلیکن پارٹی آف انڈیا ( اے ) کے سربراہ رام داس اٹھاولے نے آج تلنگانہ کی برسر اقتدار ٹی آر ایس اور آندھرا پردیش میں برسر اقتدار وائی ایس آر کانگریس سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے میں شامل ہوجائیں تاکہ ان ریاستوں کی ترقی یقینی ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ لوک سبھا میں این ڈی اے کو 353 نشستیں حاصل ہیں اور اس اتحاد کو کسی اور جماعت کی تائید کی ضرورت نہیں ہے تاہم تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس صدر کے چندر شیکھر راو اور وائی ایس آر کانگریس صدر جگن موہن ریڈی کو این ڈی اے میں شامل ہوجانا چاہئے ۔ اٹھاولے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے اعلان کردیا ہے کہ اگر کوئی بھی جماعت این ڈی اے میں شامل ہونا چاہتی ہے تو اس اتحاد کے دروازے کھلے ہیں۔ ایسے میں وہ کے سی آر اور جگن سے خواہش کرتے ہیں کہ وہ نریندر مودی اور این ڈی اے کی تائید کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا مشورہ ہی ہے اور حکومت کی تائید کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ان دونوں قائدین ہی کو کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ان دونوں ریاستوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے عہد کی پابند ہے ۔ مودی کی قیادت کو انتہائی مستحکم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں کے باوجود وزیر اعظم کی قیادت میں این ڈی اے نے شاندار انتخابی کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں کسی اور گٹھ بندھن کے قیام کے کوئی معنی نہیں رہ گئے ہیں ایسے میں کے سی آر اور جگن موہن ریڈی کو چاہئے کہ وہ این ڈی اے کی تائید کریں۔ انہوں نے اس الزام کو مسترد کردیا کہ این ڈی اے حکومت کی جانب سے دستور میں تبدیلی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی خود کہہ چکے ہیں کہ اگر امبیڈکر کا بنایا ہوا دستور نہیں ہوتا تو ایک چائے بیچنے والا ملک کا وزیر اعظم نہیں بن سکتا تھا ۔