کے سی آر کی چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کے خلاف سخت انتباہ

امراوتی میں چیف منسٹر تلنگانہ کے خلاف احتجاج کی تیاری، اے پی کے وزراء کا ردعمل

حیدرآباد۔/30 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے تعلق سے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے کئے گئے رکیک ریمارکس پرتلگودیشم پارٹی قائدین و ریاستی وزراء نے سخت الفاظ میں اپنے شدید رد عمل کا اظہار کیا اور مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے خلاف آئندہ کسی بھی ریمارکس پر خبردار کرتے ہوئے سخت انتباہ دیا اور کہا کہ مسٹر این چندرا بابو کے خلاف غیر شائستہ الفاظ کا استعمال کرنے پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔ ان قائدین نے مسٹر چندر شیکھر راؤ سے دریافت کیا کہ ’’ واٹر اور کوارٹر ‘‘ کا فرق نہ جاننے والے تم ہمارے قائد پر تنقیدیں کررہے ہیں؟ ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش کے خلاف بعض نازیبا ریمارکس مسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے کئے جانے پر دھرنا چوک امراوتی میں زبردست احتجاجی مظاہرے منظم کئے گئے۔ ریاستی وزراء مسرس کے رویندرا اور اے نارائن ریڈی نے چندرا بابو پر کے سی آر کے ریمارکس کو انتہائی بدبختانہ قرار دیا اور کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے فیڈرل فرنٹ کے قیام کیلئے کی جانے والی کوششوں پر کسی کی جانب سے کوئی توجہ و اہمیت نہ دیئے جانے کے باعث مسٹرکے چندر شیکھر راؤ مایوسی کے عالم میں چیف منسٹر آندھرا پردیش کو اپنی سخت تنقیدکا نشانہ بنارہے ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو فیڈرل فرنٹ کے قیام کی کوششوں میں ناکامی ہوئی اور اپنی اس ناکامی کے باعث کے سی آر ذہنی تناؤ میں مبتلاء ہوگئے ہیں جس کے نتیجہ میں وہ اپنے ہم منصب کا پاس و لحاظ کئے بغیر زبان درازی و غیر شائستہ الفاظ کا استعمال کرنے پر اُتر آئے ہیں۔ ان وزراء نے مزید کہا کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تمام تر کوششوں کے باوجود آندھرا پردیش میں تلگودیشم بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور مرکزی سطح پر تشکیل دیئے جانے والے عظیم اتحاد کو کامیابی حاصل ہونے پر بی جے پی اقتدار سے بیدخل ہوجائے گی۔ اسی دوران تلگودیشم ترجمان مسٹر این سامبا سیواراؤ نے کہا کہ تلگو قوم کو قومی سطح پر پہنچانے کا اعزاز چندرا بابو نائیڈو کو حاصل ہے اور ایسے قائد کو تنقید کا نشانہ بنانے کے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ درحقیقت اہل نہیں ہیں اور ان کا کوئی مقام ہی نہیں ہے۔