کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ترقی کی سمت گامزن

شاد نگر میں انتخابی مہم سے ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی اور دیگر کا خطاب

شاد نگر۔/3 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک میں کانگریس پارٹی کئی دہوں تک اقتدار میں رہنے کے باوجود ملک کو ترقی فراہم کرنے میں یکسر ناکام رہی ہے۔ ملک کی عوام کا اعتماد کانگریس پارٹی پر سے ختم ہوچکا ہے۔ ملک میں جاری پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی 100 سیٹوں کے اندر ہی محدود ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے شاد نگر کے شیوا دتہ گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ ٹی آر ایس پارٹی امیدوار محبوب نگر پارلیمانی حلقہ ایم سرینواس ریڈی کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے اقلیتوں کے جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے اقلیتوں کے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ریاست مزید ترقی کی سمت رواں دواں ہے۔ سابق ایم ایل اے چولہ پلی پرتاپ ریڈی نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے تمام طبقات کی ترقی صرف اور صرف چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس حکومت سے ہی ممکن ہے۔ شاد نگر میں منعقدہ اقلیتوں کے جلسہ میں محبوب نگر پارلیمانی حلقہ کے ٹی آر ایس پارٹی امیدوار ایم سرینواس ریڈی غیر حاضر رہے۔ ٹی آر ایس پارٹی امیدوار کے انتخابی جلسہ کے موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ قائدین بلدیہ کونسلر کانگریس پارٹی اور سرپنچ نے ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہونے والے قائدین کو وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے پارٹی کھنڈوا پہناکر پارٹی میں شامل کرلیا۔ اس موقع پر شاد نگر کی مختلف تنظیموں سے وابستہ قائدین نے وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کی شال پوشی و گلپوشی کی۔ انتخابی جلسہ میں شاد نگر اسمبلی حلقہ کے مختلف منڈلوں اور دیہاتوں سے مسلمانوں کی کثیر تعداد جس میں خواتین بھی شامل تھے شرکت کی۔