کے سی آر کی دعوت افطار 2 جون کو لال بہادر اسٹیڈیم میں

بائیکاٹ کی مہم کے سبب سخت چوکسی، گورنر کی یکم جون کو افطار پارٹی
حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دعوت افطار کے لئے 2 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے آج محکمہ اقلیتی بہبود اور جی اے ڈی کو تاریخ کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ دعوت افطار لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی جس میں اندازہ کے مطابق 5000 سے زائد افراد شرکت کریں گے ۔ لوک سبھا انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے سبب چیف منسٹر کی دعوت افطار میں تاخیر ہوئی ہے۔ ٹی آر ایس حلقوں میں کہا جارہا تھا کہ چیف منسٹر جاریہ سال افطار کے اہتمام میں سنجیدہ نہیں ہیں کیونکہ مسلمانوں کے مختلف گوشوں سے بائیکاٹ کی مہم شروع کی گئی ہے۔ عنبرپیٹ میں مسجد یکخانہ کی شہادت کے خلاف مسلم تنظیموں نے سرکاری دعوت افطار کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سیکوریٹی ایجنسیوں کی جانب سے کسی بھی احتجاج سے نمٹنے کے لئے سخت چوکسی اختیار کی جائے گی ۔ تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر چیف منسٹر نے دعوت افطار کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی دوران گورنر ای ایس ایل نرسمہن یکم جون کو دعوت افطار کا اہتمام کر رہے ہیں۔ گورنر کی دعوت راج بھون کے بیرونی حصہ میں ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو برسوں سے گورنر نے افطار کا مقام تبدیل کردیا ہے ۔ ان کی دعوت میں صرف ویجیٹرین ایٹمس ہوتے ہیں۔