کے سی آر رات دیر تک مشاورت میں مصروف

حیدرآباد یکم جون ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راو نے کل صبح اپنی حلف برداری سے چند گھنٹوں قبل آج رات تک بھی اپنے کئی قریبی با اعتماد رفقاء سے سرگرم مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ انہوں نے نئی ریاست تلنگانہ کی تاسیس اور پہلی ریاستی حکومت کی حلف برداری کے تاریخی موقع کے علاوہ پریڈ گراونڈس سکندرآباد پر

جشن تلنگانہ تقریب اور کے سی آر کی جانب سے پریڈ کی سلامی اور تلنگانہ سکریٹریٹ میں پہلے کابینہ اجلاس کیلئے کئے جانے والے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ان تاریخی موقعوں پر کہںی بھی کوئی لغزش نہ کی جائے ۔ نارسنگی کے علاقہ میں منعقدہ اس اہم اجلاس میں کے سی آر سے مشاورت کرنے والوں میں این نرسمہا ریڈی، ای راجندر اور کے کیشو راو اور دیگر سینئر قائدین نے شرکت کی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ چندر شیکھر راو نے سرکاری ملازمین کے ساتھ دوستانہ رویہ اور حکمرانی کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر تلنگانہ کے پہلے چیف سکریٹری راجیو شرما ،پہلے ڈی جی پی انوراگ شرما اور حیدرآباد پولیس کمشنر مہندر ریڈی اور دیگر آئی اے ایس آ:ی پی ایس افسران موجود تھے۔