کے سی آر حیدرآباد واپس، جی ایس ٹی کے نفاذ کے پروگرام میں شرکت نہیں کریں گے

حیدرآباد30جون(یواین آئی)قومی دارالحکومت نئی دہلی میں تقریبا 9دن تک قیام کے بعد تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کل شب ریاستی دارالحکومت حیدرآباد واپس ہوگئے ۔وہ جمعہ کی شام پارلیمنٹ میں ہونے والے جی ایس ٹی کے نفاذ کے پروگرام میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کے پرچہ نامزدگی کے پروگرام میں شرکت کے لئے وہ گزشتہ بدھ کی رات دہلی روانہ ہوئے تھے ۔وہ وہاں اپنی آنکھ کا آپریشن بھی کروانے والے تھے تاہم ایک مرتبہ پھر انہوں نے اپنی آنکھ کے آپریشن کو ملتوی کردیا ۔قبل ازیں بھی دہلی کے دورہ کے شیڈول میں آنکھ کے آپریشن کا پروگرام شامل تھا لیکن اسے لمحہ آخر میں ملتوی کردیا گیا تھا۔مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے جی ایس ٹی کے نفاذ کے پروگرام میں تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی کو شرکت کی دعوت دی تھی۔اب سمجھا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی جگہ ریاست کے وزیر فائنانس ای راجندر اس پروگرام میں شرکت کریں گے ۔