کے سی آر اور جگن 30 مئی کو نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے

حیدرآباد ۔ 27۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور آندھراپردیش کے متوقع چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی 30 مئی کو نئی دہلی میں نریندر مودی کی وزیراعظم کی حیثیت سے تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے ۔ 30 جون کو جگن موہن ریڈی کی حلف برداری کی تقریب مقرر ہے ۔ چیف منسٹر کا حلف لینے کے بعد جگن نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں شام 7 بجے نریندر مودی کی تقریب حلف برداری منعقد ہوگی ۔ دہلی میں کے سی آر اور جگن کی موجودگی این ڈی اے سے قربت کا اشارہ ثابت ہوسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر اور جگن موہن ریڈی نے اپنی حالیہ ملاقات کے دوران طئے کیا ہے کہ دونوں اپنی اپنی ریاستوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرینگے۔ جگن موہن ریڈی آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ کے سی آر نے اس مطالبہ کی تائید کی ہے ۔ واضح رہے کہ نتائج سے قبل کے سی آر نے ملک میں فیڈرل فرنٹ کے قیام کی مساعی کی تھی ۔ انہوں نے مرکز میں غیر بی جے پی اور غیر کانگریس حکومت کے قیام کا دعویٰ کیا تھا لیکن یکطرفہ نتائج نے کے سی آر کے خوابوں کو چکنا چور کردیا ۔ کے سی آر اور جگن کے پاس اب کوئی چارہ نہیں ، سوائے اس کے کہ وہ وزیراعظم سے بہتر تعلقات برقرار رکھتے ہوئے اپنی ریاستوں کے مسائل کی یکسوئی کریں۔