کیپٹن راہول نے امیتھی سے فرار حاصل کی : روی شنکر پرساد

پٹنہ 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے آج راہول گاندھی پر تنقید کی جنہوں نے کیرالا میں ویاناڈ حلقہ سے بھی مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پرساد نے دعوی کیا کہ کانگریس صدر امیٹھی میں بے چینی ‘ غیر محفوظ اور بے یار و مدد گار محسوس کر رہے ہیں اسی لئے انہوں نے دوسرے حلقے سے بھی مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رائے بریلی اور امیٹھی کو گاندھی خاندان کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے تاہم راہول گاندھی اتنے خوفزدہ ہیں کہ وہ یہاں سے کافی دور جنوبی ہند کو جا پہونچے ہیں اور وہاں سے بھی مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپتان نے جہاز کو ڈوبتا ہوا محسوس کرلیا ہے اور اسی لئے وہ ایک محفوظ مقام کو پہونچ گئے ہیں۔