کیویٹوا پر چاقو سے حملہ کرنے والے کو8 سال کی سزائے قید

پیراگو ۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر دو ٹینس اسٹار اور دو مرتبہ کی ومبلڈن چمپیئن پیٹرکیویٹوا پر چاقو سے حملہ کرنے والے کو 8 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق چیک جمہوریہ کی علاقائی عدالت کے ترجمان ایوا اینگیالوسی نے کہا کہ دو مرتبہ کی ومبلڈن چمپیئن پیٹرا کیویٹوا پر حملہ آور نے دو مرتبہ چاقو کے وارکئے تھے جس پر انہیں 8 سال کی قید سنائی گئی ہے۔ پیٹراکوویٹوا کے بائیں بازو پردسمبر 2016 میں اس وقت شدید زخم آئے تھے جب ان کے فلیٹ پر ایک حملہ آور نے چاقو سے انہیں نشانہ بنایا تھا حالانکہ وہ بائیں بازو سے کھیلتی ہیں تاہم عدالت نے ان کے حملہ آور کی شناخت ریڈم زونڈرا کے نام سے کی۔ ٹینس اسٹار نے حملے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ہر طرف خون تھا اور پولیس کے پاس موجود فوٹو میں حملہ آورکی فوری شناخت کرلی گئی ہے۔ عدالت کے ترجمان ایوا اینگیالوسی نے کہا کہ فیصلے کے بعد فوری طور پر کسی فریق نے اپیل دائر نہیں کی ہے لیکن دونوں فریق اپیل کا حق رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ 20 دسمبر2016 کو دو کیویٹووا نے اپنے فیس بک صفحے پر بیان میں کہا تھا کہ ایک شخص نے ان پر چاقو سے حملہ کیا تاہم خوش قسمتی سے وہ بچ گئی ہیں۔ پیٹرا کویٹووا نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہوں گے کہ آج میرے اپارٹمنٹ پر ایک شخص نے چاقو سے مجھ پر حملہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا دفاع کیا جس کے باعث میرے بائیں ہاتھ پرشدید زخم آگئے ہیں لیکن خوش قسمتی سے بچ گئی ہوں۔ پیٹرا کیویٹوا اس حملے کے بعد کئی ماہ تک ٹینس سے باہر ہوگئی تھیں اور مئی 2017 میں واپسی کی ۔کیویٹوا اس وقت ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبرپر ہیں اور آسٹریلین اوپن 2019 کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جہاں انہیں نومی اوساکا سے 7-6، 5-7 اور 6-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔