کینیا میں سات منزلہ عمارت کا انہدام

14 ہلاک ، ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری
نیروبی۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں گرنے والی سات منزلہ عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش آج بھی جاری ہے۔ سات منزلہ عمارت کل حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے گر گئی تھی۔ ریڈ کراس نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ عمارت کے گرنے سے کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امدادی ٹیموں نے اب تک 45افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا ہے۔ کینیا کی ریڈ کراس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی ہلاکتوں کی درست تعداد کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ گرنے والی عمارت نیروبی کے گنجان آباد علاقے حروما میں واقع ہے۔
آئیوری کوسٹ :فرانسیسی فوجیوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ
پیرس ۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے وزیر دفاع ڑاں ایو لیدریاں نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت آئیوری کوسٹ میں اپنے متعین فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کر رہی ہے۔ پہلے سے موجود پانچ سو فوجیوں کی تعداد نو سو کی جا رہی ہے۔ انہوں نے فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان افریقی ملک میں فرانسیسی فوج کے مرکز کے دورے پر کیا۔ فرانسیسی حکومت کے مطابق فوج بڑھانے کا فیصلہ اِس ملک میں بڑھتے دہشت گردانہ خطرے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ رواں برس مارچ میں آئیوری کوسٹ کے بڑے شہر عابی جان کی نواحی ساحلی پٹی پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 19افراد کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔