کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال ’ جنگی جرم ‘ : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس کو جب سے شام میں کیے گئے کیمیائی حملوں کی اطلاع ملی ہے وہ انتہائی رنجیدہ ہیں لیکن وہ اس بات کی توثیق نہیں کرپارہے ہیں کہ حملے واقعتاً کیمیائی نوعیت کے تھے ۔ انٹونیو گوٹیرس کے ترجمان کے مطابق مسٹر گوٹیرس نے حملے میں ہلاک افراد کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔ موصوف نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو بین الاقوامی قوانین کے مغائر قرار دیتی ہے ۔ ایک طرف جہاں اقوام متحدہ نے مبینہ کیمیائی حملوں کی توثیق کرنے کے موقف میں نہ ہونے کا اظہار کیا ہے وہیں دوسری طرف آرگنائزیشن فار دی پروہیبیشن آف کیمیکل ویپنس (OPCW) ان شواہد کو اکٹھا کررہی ہے جس کے تحت اس نتیجہ پر پہنچا جاسکے کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تھا ۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو ’ جنگی جرم ‘ سے تعبیر کرتی ہے اور اگر ایسا ہوا ہے تو یہ بات یقینی طور پر کہی جاسکتی ہے کہ شام میں جنگی جرائم کے ارتکاب کا سلسلہ جاری ہے ۔ گزشتہ روز شام میں مبینہ کیمیائی حملے میں زائد از 70 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔