کیشو بھائی پٹیل کا سرگرم سیاست سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ

راجکوٹ۔ 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر لیڈر کیشو بھائی پٹیل نے آج اعلان کیا کہ انہوں نے بہت جلد سرگرم سیاست سے سبکدوش ہوجانے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جانب سے قائم کردہ ’’گجرات پریورتن پارٹی‘‘ جوکہ نریندر مودی کے خلاف قائم کی گئی تھی، کو بی جے پی میں ضم کردیا جائے گا۔ گجرات کے 86 سالہ سینئر لیڈر پٹیل جو اپنے حلقہ انتخاب جوناگڑھ کے ویزاودرا بھیسن کا ایک روزہ دورہ کررہے تھے، اپنے حامیوں سے ملاقات کرنے کے بعد انہیں اپنے فیصلہ سے آگاہ کیا۔ پٹیل نے اپنے حامیوں سے کہا کہ میں اپنی بڑھتی ہوئی عمر اور ناسازی طبیعت کی بناء پر رکن اسمبلی کی حیثیت سے استعفیٰ دینے جارہا ہوں۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل کیشو بھائی پٹیل کا یہ فیصلہ نریندر مودی کے حق میں بہت بہتر ثابت ہوگا اور کم از کم گجرات میں بی جے پی کی جانب سے زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے منصوبوں کو کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔

مسٹر پٹیل نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے تاحال کسی دوسری پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ نہیں کیا ہے، تاہم وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ گجرات پریورتن پارٹی کسی غیرکانگریسی قومی پارٹی میں ضم ہوجائے ۔پٹیل نے یہ اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ چاہتے ہیں کہ جی پی پی ، بی جے پی میں ضم ہوجائے ۔واضح رہے کہ پٹیل نے ستمبر 2012ء میں اسمبلی انتخابات سے قبل گجرات پریورتن پارٹی قائم کی تھی، تاہم ان کی جماعت الیکشن میں کوئی خاطر خواہ اثر مرتب نہیں کرسکی اور انہیں 82 نشستوں میں سے صرف 2 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوسکی تھی۔