کیرالا کے ’ جنوبی ہند کے کاشی مندر ‘ میں راہول گاندھی نے پوجا کی

ویاناڈ ( کیرالا ) ۔ 17 ۔ اپریل : (سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو یہاں اپنے والد اور خاندان کے دیگر بزرگوں کے لیے ’پالی تھرپانم ‘ کی رسم ادا کی۔ ’ پانا سینی ‘ کی پوتر ندی میں انہوں نے اپنے والد کی راکھ کے بہائے جانے کی تین دہائیوں بعد یہ رسم ادا کی ۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی جو لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں کیرالا کا دو روزہ طوفانی دورہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے اپنے مصروف ترین نظام الاوقات میں سے ترنولی مندر میں پوجا کے لیے بھی وقت نکالا ۔ ترنویلی مندر کو ’ جنوبی ہند کا کاشی ‘ کا کہا جاتا ہے ۔ راہول گاندھی کے محافظین کو ننگے پاؤں رسومات ادا کرنے والے راہول گاندھی کا ناہموار زمین پر ساتھ دینا مشکل ہورہا تھا ۔ پہاڑ پر واقع اس مقدس مقام پر راہول گاندھی نے 45 منٹ گزارے ۔ کانگریس کے لیڈر کے جی وینوگوپال جو راہول گاندھی کے ساتھ تھے انہوں نے بتایا کہ ’ راجیو گاندھی اور اندرا گاندھی ‘ کے علاوہ پلوامہ کے دہشت گرد حملے میں جان گنوانے والے جوانوں کے لیے بھی صدر کانگریس نے بعض رسومات ادا کیں اور لاکھوں پارٹی ورکرس کے تعلق سے بھی انہوں نے دعا کی ۔۔