کیرالا میں صحافیوں کی گرفتاری پر آئی جے یو کی مذمت

حیدرآباد 31 جولائی ( پی ٹی آئی ) کیرالا میں ایک پولیس عہدیدار کی جانب سے کل کچھ صحافیوں سے بدسلوکی اور انہیں لاک اپ میں بند کئے جانے کے واقعہ کی انڈین جرنلسٹس یونین نے مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا کہ متعلقہ پولیس عہدیدار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ آئی جے یو کے صدر ایس این سنہا ‘ سکریٹری جنرل ڈی امر اور کیرالا جرنلسٹس یونین کے صدر وی بی راجن نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کا یہ اقدام راست آزادی صحافت پر حملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ادعا کیا تھا کہ صحافیوں کو عدالت کی ہدایت پر گرفتار کیا گیا ہے لیکن جج نے فوری اس کی تردید کردی ہے ۔ اس سے پولیس کی زیادتی کا پتہ چلتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ در اصل تمام عدالتوں میں میڈیا پر پابندی عائد کرنے کا تسلسل ہے ۔