کیرالا مسلم سنٹر کا دوبئی میں روزانہ 2,500 افراد کیلئے افطار

دوبئی 18 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک کیرالا مسلم سنٹر کی جانب سے دوبئی میں روزآنہ تقریبا 2500 افراد کیلئے افطار اور ڈنر کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ اس میں ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہو رہے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ گلف نیوز کے بموجب یہاں افطار و ڈنر کے انتظامات کیلئے 210 والینٹرس ہیں جنہیںسات گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ یہ لوگ افطار اور ڈنر کی پرسکون انداز میں تقسیم کو یقینی بناتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ بیشتر والینٹرس ڈرائیورس ‘ اے سی ورکرس ‘ آفس اسسٹنٹس اور وہ لوگ ہیں جو دوسرے معمول کے کام کرتے ہیں ۔ تاہم ان میں کچھ تاجر اور پروفیشنل ایگزیکیٹیوز بھی شامل ہوگئے ہیں جو رضاکارانہ طورپر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کیرالا مسلم کلچرل سنٹر کے صدر ابراہیم الاتلیل نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے 2012 میں اس افطار کی شروعات کی گئی تھی اور اس وقت 1,500 افراد کیلئے یہ انتظام ہوا کرتا تھا تاہم گذرتے وقتوں کے ساتھ اس تعداد میں اضافہ ہوگیا اور یہاں آنے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے ۔ ایسے میں یومیہ ایک اندازہ کے مطابق 2,550 افراد کیلئے افطار اور کھانے کا انتظآم کیا جاتا ہے ۔ اس کامیابی میں والینٹرس کا رول بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ جو معمولی معذوری کا شکار ہیں وہ بھی اس مہم کا حصہ بن گئے ہیں۔ والینٹرس خود بھی روزہ رکھتے ہیں اور ان کے انتخاب کا کام رمضان سے ایک ماہ قبل ہی شروع ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے ارکان کا رجسٹریشن ہوتا ہے اور سابق ارکان کی تجدید ہوتی ہے ۔ انہیں باری باری ذمہ داریاں دی جاتی ہیں ۔ انہیں ہوٹلوں کے کچھ صفائی عہدیدار تربیت دیتے ہیں۔ ہر روز تقریبا 150 والینٹرس اس خدمت کیالئے موجود رہتے ہیں۔ یہ لوگ افطار سے کئی گھنٹے قبل یہاں پہونچ کر تیاریاں کرتے ہیں۔