کیرالا بجٹ کی پیشکشی ۔ سینما ٹکٹ، شراب مہنگے اور سیلاب ٹیکس نافذ

تھرواننتاپورم ۔ 31جنوری ( سییاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی ( ایم) زیر قیادت ایل ڈی ایف حکومت نے آج کیرالا کا عبوری بجٹ پیش کیا جس میں سینما ٹیکس اور شراب کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا اور ریاست کی خراب مالیاتی صورتحال کے باعث ایک نیا سیلاب ٹیکس نافذ کردیا ، تاکہ ریاست کے قرض کے بوجھ کو کم کیا جاسکے ۔ وزیر فینانس ٹی ایم تھامس انیراک نے اسمبلی میں 2019-20ء مالی سال کیلئے بجٹ پیش کیا جس میں ریاست کی ازسرنو تعمیر کیلئے خاص طور پر خیال رکھا گیا ۔ اس صدی کے سب سے خطرناٹک سیلاب جو اگست میں وقوع پذیر ہوا تھا اس کے نقصانات اور تباہی کا خاص طور پر خیال رکھا گیا تھا ۔ مسٹر انیراک نے کہا کہ کیرالا کی ازسرنو تعمیر کیلئے ایک ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ اضافہ ریونیو کے پیدا کرنے کے مقصد سے ایک نیا ٹیکس ’’سیلاب ٹیکس ‘‘ کا نفاذ عمل میں لایا جارہا ہے اور یہ ٹیکس پانچویں شیڈول کے مطابق سونا ، چاندی ، پلاٹنیم زیورات پر اس کی قدر کے مطابق لاوگو کیا جائے گا ۔