کیا وزیراعظم اور یوگی نماز پڑھیں گے ؟ :اعظم خان

کانپور ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے سینئر قائد اعظم خان نے آج چیف منسٹر یوپی یوگی ادتیہ ناتھ سے سوال کیا کہ کیا وہ نماز ادا کرنا پسند کریں گے کیونکہ قبل ازیں وہ کہہ چکے ہیں کہ نماز سوریہ نمسکار کے مماثل ہیں۔ ادتیہ ناتھ کے تبصرہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہ سوریہ نمسکار نماز کے مماثل ہے جسے مسلمان ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے اور نہ نماز کو سوریہ نمسکار کے مماثل قرار دینے کو برداشت کرسکتے ہیں۔ اگر چیف منسٹر اور وزیراعظم نریندر مودی سوریہ نمسکار کے آسنوں کو مسلمانوں کی نماز کے ارکان کے مماثل سمجھتے ہیں تو انہیں نماز بھی ادا کرنی چاہئے۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کی جانب سے سرسنچالک آر ایس ایس موہن بھاگوت اچھے صدر ثابت ہوں گے، کے تبصرہ پر ردعمل دریافت کرنے پر اعظم خان نے کہا کہ ملک کے اعلیٰ ترین عہدہ پر کسی کو بھی محض اعدادوشمار کی برطرفی کی بناء پر فائز نہیں کیا جاسکتا۔
دہلی اور ملک بھر میں مارچ کا گرم ترین دن
نئی دہلی ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے پانچ گرم ترین شہروں میں ودربھا کے علاوہ دہلی بھی شامل ہے، جہاں آج 2011ء کے بعد مارچ کا گرم ترین دن محسوس کیا گیا۔ ودربھا کے علاقہ چندراپور میں درجہ حرارت 44.2، واردھا میں 43.8، اکولہ میں 43.6 برہماپور میں 43.3 اور ناگپور میں 43.1 درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ راجستھان کا شہر چرو ملک کا گرم ترین شہر تھا۔ وارناسی، فیض آباد، جھانسی اور آگرہ میں بھی معمول سے زیادہ درجہ حرارت دیکھا گیا۔ پنجاب اور ہریانہ میں شدید گرمی تھی۔ امرتسر میں اعظم ترین درجہ حرارت 34.8 درجہ سلسیس تھا جبکہ چندی گڑھ میں 35.5 درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب میں جملہ 5 مقامات معمول سے زیادہ گرم رہے۔