کیا ش ویان گارڈ کو گولی مار کر 1.5 کروڑ لوٹ لئے

نئی دہلی ، 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دن دھاڑے کی گئی ایک دلیرانہ واردات میں دو موٹر سائیکل سوار آدمیوں نے مبینہ طور پر آج صبح یہاں شمالی دہلی کے کملا نگر علاقہ میں ایک اے ٹی ایم کے باہر کیاش ویان کے سکیورٹی گارڈ کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور 1.5 کروڑ روپئے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ تقریباً 11 بجے دہلی یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس کے قریب پیش آیا جب مصروف بنگلو روڈ پر ’سٹی‘ بینک کے اے ٹی ایم میں ایک خانگی کیاش سپلائی کمپنی کی ویان کے دو لوگ رقم رکھ رہے تھے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس (سنٹرل رینج) سندیپ گوئل نے کہا کہ سکیورٹی گارڈ اور کیاش ویان کا ڈرائیور اے ٹی ایم بوتھ کے باہر کھڑے تھے۔ یکایک، موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آور وہاں آدھمکے اور قریبی نشانے سے گارڈ ستیندر کے سر میں دو گولیاں مار دیئے۔ پھر یہ دونوں بوتھ میں گھس گئے اور وہاں مصروف کار دونوں ملازمین خانگی کمپنی کو جان سے مار دینے کی دھمکی دی۔ اور پھر وہ کیاش سے بھرا سوٹ کیس چھین کر اپنی بائیک پر فرار ہوگئے۔ یہ سارا واقعہ اس گزرگاہ پر متعدد سی سی ٹی ویز کے ساتھ ساتھ اے ٹی ایم بوتھ کے کیمرے میں بھی قید ہے۔ اُن کی فراری کو بھی کئی مقامی افراد نے اپنے موبائل فونس کے ذریعہ ریکارڈ کرلیا، جس کے دوران انھوں نے ہوا میں فائر کئے۔ پولیس اب ویڈیو فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے لیکن لٹیروں کی شناخت نہیں ہوسکی کیونکہ وہ اس سارے واقعہ کے دوران ہیلمٹس پہنے ہوئے تھے۔ سیاہ پَلسر موٹر سائیکل کا رجسٹریشن نمبر بھی دکھائی دیا لیکن پولیس کا ماننا ہے کہ یہ گاڑی مسروقہ ہوسکتی ہے۔