کھمم کے پالیرو ضمنی انتخاب کیلئے ٹی آر ایس امیدوار تملاناگیشور کا ادخال پرچہ نامزدگی

ادخال پرچہ نامزدگی کا اختتام ، 16 مئی کو رائے دہی ، آج سے انتخابی مہم
حیدرآباد۔/29اپریل، ( سیاست نیوز) کھمم کے پالیرو اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں ٹی آر ایس امیدوار تملا ناگیشورراؤ نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ کھمم رورل تحصیلدار کے دفتر میں انہوں نے ریٹرننگ آفیسر کو پرچہ نامزدگی پیش کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ موجود تھے۔ پالیرو اسمبلی حلقہ میں درخواستوں کے ادخال کا آج آخری دن تھا اور جملہ 16 پرچہ جات نامزدگی داخل ہوئے ہیں۔ کل پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کی جائے گی۔ 2مئی تک پرچہ جات نامزدگی واپس لیئے جاسکتے ہیں۔ 16مئی کو رائے دہی ہوگی جبکہ19مئی کو رائے شماری اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی نے آنجہانی رکن اسمبلی رام ریڈی وینکٹ ریڈی کی بیوہ سچریتا ریڈی کو امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی، تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی انتخاب میں حصہ نہیں لے رہی ہیں۔ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کانگریس امیدوار کی تائید کا اعلان کیا ہے اور تینوں پارٹیوں کے قائدین کی تصاویر کے ساتھ پوسٹرس شائع کئے گئے ہیں۔ کل سے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز ہوجائے گا اور توقع ہے کہ ٹی آر ایس اور کانگریس میں کانٹے کی ٹکر ہوگی۔ یہ پہلا موقع ہے جب تلگودیشم نے کسی الیکشن میں کانگریس پارٹی کی کھل کر تائید کی ہے۔