کھجور کا شربت روزہ دار کی غذائی ضرورت

خواتین کی کوشش ہوتی ہے کہ سحر اور افطار کے وقت ایسے کھانے تیار کئے جائیں جو دن بھرکے روزہ کیلئے جسم کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ لذیذ بھی ہوں۔ کھجور وٹامنز کا ایک کیپسول ہے۔ افطار کے وقت ہم مختلف قسم کے مشروبات استعمال کرتے ہیں لیکن اگر کھجور کا شربت بھی تیا رکرلیا جائے تو یہ جسم کو توانائی فراہم کرکے جسمانی کمزور سے نجات دلائے گا۔ کھجور کا شربت پینے سے جہاں قلب و جگر کو تسکین ملتی ہے وہاں یہ شربت معدہ کی تیزابیت، پیاس کی شدت ، ہاتھ پاؤں کی جلن، منہ کی خشکی ، لعاب دہن کا کم ہونا اور قبض وغیرہ کا بہترین علاج ہے۔ کھجور کا شربت تیار کرنے کیلئے حسب ضرورت کھجور لے کر پانی میں بھگودیں۔ صبح اُٹھ کر کھجور کو ہاتھوں سے ملیں، اسے اتنی دیر تک ملیں کہ تمام کھجوریں اور ان کے ریشے پانی میں حل ہوجائیں۔  کھجور کے اس شربت میں دودھ بھی ملایا جاسکتا ہے ۔ خاص طور پر افطار کے وقت کھجور کا شربت بناکر افطاری سے پہلے فریج میں رکھ دیں۔ صبح کا بھگویا ہوا شام کو استعمال کریں اور شام کا بھگویا ہوا صبح استعمال کریں۔