کک کو درجہ بندی میں 9 مقامات کا فائدہ

دبئی۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹسٹ میں ریکارڈ ساز ڈبل سنچری اسکور کرنے والے انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اوپنر الیسٹر کک کو اس یادگار اننگز کا آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں 9 مقامات کا فائدہ ہوا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں کک 9 مقامات کی چھلانگ کے بعد سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں واپسی کرتے ہوئے 8 واں مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ پہلے اور ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی دوسرے مقام پر فائز ہیں۔ کک نے ملبورن ٹسٹ میں 244 رنز کی اننگز کھیلی تھی، اب وہ 2018ء کا آغاز ساتویں مقام کے حصول پر نظروں کے ساتھ شروع کریں گے کیونکہ اس مقام پر موجود ہاشم آملہ سے ان کے نشانات کا فرق صرف 17 ہے۔ کک نے 2017ء کا آغاز 15 ویں مقام سے شروع کیا تھا اور ایشیز سیریز کی شروعات میں وہ 10 ویں مقام پر فائز تھے۔ دریں اثناء اسٹیو اسمتھ جنہوں نے اس ٹسٹ میں 76 اور ناقابل تسخیر 102 رنز کی اننگز کھیلی ہے، وہ اپنے پہلے مقام کو مزید مستحکم کرچکے ہیں۔