کچھ دیر کا آرام ذہنی تناو سے راحت

کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ انسان دن بھر مختلف کاموں میں اُلجھا رہتا ہے۔ ساتھ ہی کئی باتیں ایسی ہوتی ہیں جو ذہنی تناو کا باعث بھی بن رہی ہوتی ہیں ۔  ان ہی باتوں اور تھکن کی وجہ سے خواتین بھی دن کے اختتام تک بہت ہی چڑچڑی دکھائی دیتی ہیں ۔ ایسا تقریباً سب کے ساتھ ہی ہوتا ہے ۔

ہر خاتون دن بھر کسی نہ کسی کام میں مصروف ہی دکھائی دیتی ہیں ۔ اگر آپ بھی ذہنی تناو کا شکار ہیں تو آپ کو چاہئے دن کے اختتام تک دس منٹ اپنے لئے ضرور نکالیں ۔ اُس وقت کسی ایسی جگہ جاکر بیٹھ جائیں ، جہاں خاموشی ہو ، آنکھیں بند کریں ، ذہن کو تمام تفکرات سے آزاد کریں ، ان دس منٹ کے دوران کسی کام کے بارے میں نہ سوچیں ، ایسا سمجھیں کہ ذہن میں کچھ بھی نہیں ہے ، ذہن بالکل خالی ہے ، پھر گہرے سانس لیتی رہیں ، ابتدا میں آپ کو یہ مسئلہ ضرور ہوگا کہ آپ کا دھیان بٹ رہا ہوگا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ آپ اس کی عادی ہوجائیں گی ۔ بتائی جانیو الی ترکیب کو بہت سے لوگ مراقبے کے نام سے بھی جانتے ہوں گے ۔ یہ ترکیب ان خواتین کیلئے بہت ہی آزمودہ ہے جو اپنے کام پر توجہ نہیں دے پاتیں یا جن کا ذہن کام کے دوران بھی مستقل اُلجھا ہی رہتا ہے ۔ ایسی خواتین کو چاہئے کہ وہ اس طریقے پر عمل کرنا شروع کریں، اگر آپ دس منٹ بھی نہیں نکال سکتیں تو کم سے کم پانچ منٹ ہی نکال لیں اور اس ترکیب کو آزمائیں ۔ آپ کچھ ہی دنوں میںاس کے مثبت اثرات محسوس کرنے لگیں گی ، آپ کی ذہنی تھکن بھی دور ہوگی ، کاموں کو بھی مکمل یکسوئی کے ساتھ سرانجام دے سکیں گی ۔