کپتان ویراٹ کوہلی ،لوور آرڈر کی کارکردگی سے مطمئن

لندن۔26 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ورلڈ کپ کے پہلے پریکٹس میچ میں چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنے کے باوجود ہندستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی ٹیم کے نچلے آرڈر کی کارکردگی سے خوش ہیں۔پریکٹس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہو گیا تھا۔ ہندستان کا اسکور ایک وقت 39 رن پر چار وکٹ تھا جس کے بعد رویندر جڈیجہ نے ہندوستانی اننگز کو سنبھالتے ہوئے 50 گیندوں میں 54 رنز بنائے ۔ جڈیجہ کی سدھی ہوئی اننگز کی بدولت ہی ہندوستانی ٹیم 39.2 اوور میں 179 رن کا باعزت اسکور بنانے میں کامیاب رہی تھی ۔ہندستانی ٹیم کے کپتان وراٹ نے میچ کے بعد نچلے آرڈر کی کارکردگی پر کہا کہ انہوں نے میچ میں اچھا کردار ادا کیا۔ کپتان نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں ٹاپ آرڈر ہمیشہ کامیاب نہیں ہو سکتا لہذا نچلے آرڈر کو بھی تیار رہنا چاہئے ۔ میرے خیال سے ہردک پانڈیا نے بہترین بلے بازی کی اور مہندر سنگھ دھونی نے بھی گیند بازوں پر دباؤ بنایا اور آخر میں جڈیجہ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے کچھ رنز اور شامل کئے ۔ میرے نقطہ نظر سے دیکھیں تو ہمیں اس میچ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا جو ہم چاہتے تھے ۔ نچلے آرڈر کا رن بنانا ٹیم کے لئے مثبت ہے ۔وراٹ کے مطابق پچ دوسری اننگز میں بولنگ کے لئے صحیح نہیں تھی۔ وراٹ نے کہاکہ دوسری اننگز میں بلے بازی کرنا الگ ہوتا ہے اور ہم نے اس میچ میں بھی دیکھا کہ ہماری اننگز کے آخر میں بھی ایسا ہوا۔ مجھے لگتا ہے کہ گیند بازوں نے صحیح جگہ بولنگ کی لیکن ٹورنامنٹ میں کسی دن پچ اچھی ہوتی چلی جاتی ہے ۔ لیکن اگر ہم اپنی لے برقرار رکھتے اور نئی گیند سے بولنگ کرتے اور اسپنر بھی بولنگ کرتے تو ٹیم بولنگ میں اچھی کارکردگی کر سکتی تھی۔