کٹھوعہ عصمت دری : فیصلہ 15 جون تک سامنے آسکتا ہے

سری نگر، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں گزشتہ برس جنوری میں پیش آئے آٹھ سالہ کمسن بچی کی وحشیانہ عصمت دری اور قتل کیس کا عدالتی فیصلہ 15 جون تک سامنے آسکتا ہے ۔ واقعہ کے ملزمان کا ‘ان کیمرہ’ اور روزانہ بنیادوں پر ٹرائل ڈسٹرک اینڈ سیشن کورٹ پٹھان کوٹ میں جاری ہے اور وکیل استغاثہ کے مطابق متاثرہ بچی کا کیس انتہائی مضبوط ہے ۔متاثرہ بچی کے والد محمد یوسف پجوال کے ذاتی وکیل (پرائیویٹ کونسل) مبین فاروقی جو سپیشل پبلک پراسیکیوٹرس سنتوک سنگھ بسرا اور جگ دیش کمار چوپڑا کی کیس میں مددکررہے ہیں۔ انہوں نے جون کے وسط تک کیس کا فیصلہ سامنے آنے کی امید ہے اور ملزمان کو سزائیں ملنا ایک سو ایک فیصد طے ہے ۔انہوں نے بتایا ‘جون کی 15 تاریخ تک کیس کا فیصلہ سامنے آنے کی امید ہے ۔ اس وقت وکلاء صفائی اپنے گواہ عدالت میں پیش کررہے ہیں۔ آپ کو معلوم ہی ہے کہ واقعہ کے ملزمان کا ان کیمرہ اور روزانہ بنیادوں پر ٹرائل جاری ہے ‘۔