کُل ہند مجلس تعمیر ملت کے عظیم الشان جلسہ یوم رحمتہ اللعالمین ؐ و یوم صحابہؓ

حیدرآباد۔/30ڈسمبر، ( راست ) کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیر اہتمام حسب سالہائے گزشتہ سال حال 65 ویں یوم رحمتہ للعالمینؐ کا انعقاد 12 ربیع الاول مطابق 4جنوری بروز اتوار نظام کالج گراؤنڈ پر صبح 9بجے سے عمل میں آئے گا۔ یوم صحابہ ؓ 13ربیع الاول 5جنوری بروز پیر شب 8بجے چنچل گوڑہ جونیر کالج پر منعقد ہوگا۔ یوم رحمتہ اللعالمینؐ کی مجلس استقبالیہ کے معتمد عمر احمد شفیق نے کہاکہ مجلس استقبالیہ نے ان پروگرامس کو قطعیت دے دی ہے۔ ان جلسوں کی نگرانی جناب محمد عبدالرحیم قریشی صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت کریں گے۔ ملت اسلامیہ کے علماء کرام، دانشور اصحاب و مقررین شرف تخاطب حاصل کریں گے۔ وسیع و عریض نظام کالج گراؤنڈ اور چنچل گوڑہ جونیر کالج پر ہزارہا اصحاب و خواتین کے بیٹھنے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ معتمد استقبالیہ نے مزید بتایا کہ کل ہند مجلس تعمیر ملت کی جانب سے منائے جانے والے جلسہ یوم رحمتہ اللعالمینؐ و یوم صحابہ ؓ صرف ہمارے ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ برصغیر میں شہرت کے حامل ہیں۔ ان جلسوں کا نظم و ضبط تقدس اور احترام بھی اپنی مثال آپ ہے۔ کل ہند مجلس تعمیر ملت ایک مذہبی سماجی فلاحی اور تعلیمی خدمات انجام دینے والی تنظیم ہے جو گزشتہ مسلسل 65سال سے جلسہ عام یوم رحمتہ اللعالمین و یوم صحابہ ؓ کو عمل میں لاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نئی نسل اور خصوصاً طلباء و طالبات میں اسلامی شعور کو بیدار کرنے کیلئے وسیع و عریض اور پورے نظم و ضبط کے ساتھ اعلیٰ پیمانے پر تعلیمی و انعامی مقابلہ جات کا انعقاد عمل میں لایا جاتاہے۔ جس میں تقریری، تحریری، مضمون نویسی، سیرت طیبہ کوئز اور قرأت کلام پاک کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں سینکڑوں طلباء و طالبات کے علاوہ اصحاب اور خواتین نے حصہ لیا۔ انعام یافتگان میں نقد انعامات اور صداقت ناموں کی تقسیم طالبات کیلئے جلسہ یوم رحمتہ للعالمین ؐ برائے خواتین 11جنوری بروز اتوار سادات فنکشن ہال چارمینار روبرو سردار محل اور طلباء کیلئے جلسہ تقسیم انعامات 18جنوری بروز اتوار ہوگا۔ 65ویں یوم رحمتہ اللعالمینؐ و یوم صحابہؓ کی مجلس استقبالیہ تنظیم کے اغراض و مقاصد کے تحت ماہ محرم سے مسلسل اس عزم کے ساتھ مصروف بکار ہے کہ یوم رحمتہ للعالمینؐ و یوم صحابہ ؓ کے ذریعہ ملت اسلامیہ کو قرآن اور سیرت النبی ؐ و سیرت صحابہ ؒ سے قریب سے قریب تر کرے۔ مجلس استقبالیہ کے صدر سید جلیل احمد ایڈوکیٹ ہیں جبکہ نائب صدور میں ڈاکٹر محمد مشتاق علی ایم ڈی، خواجہ آصف احمد آرکیٹکٹ، خلیل الرحمن، ضیاء الدین نیر، ذیشان احمد ہیں۔ سال حال ایک دیدہ زیب سوونیر کی اشاعت عمل میں لائی جارہی ہے۔ان عظیم الشان اور ٹھوس کاموں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے محبان رسول ؐ اور ملت اسلامیہ کیلئے درد مند دل اور ذہن رکھنے والے اصحاب و خواتین کا مالی تعاون شامل حال ہوتا ہے۔ چنانچہ گرانقدر عطیات کیلئے کوپن بکس بھی جاری کئے گئے ہیں۔ تعمیر ملت کے دفتر واقع مدینہ منشن میں 11بجے دن سے 4بجے شام تک جمع کراسکتے ہیں یا فون 9700228879 ، 24755230 پر اطلاع دیں تو کارکن آپ کے دیئے ہوئے پتہ پر بہ اخذ رسید عطیہ وصول کریں گے۔ عمر احمد شفیق نے اپیل کی ہے کہ حیدرآباد و اضلاع کے مسلمان مرد و خواتین جوق درجوق ان عظیم الشان جلسوں میں شرکت کرکے حب رسول ؐ و حب صحابہ ؓ کا ثبوت دیں۔