کویتا اور ونود کی شکست سے کے سی آر دو آنکھوں سے محروم

کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا تبصرہ ، تلنگانہ کے مفادات کیلئے پارلیمنٹ میں جدوجہد کرنے کا اعلان
حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے نو منتخب رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کویتا اور ونود کمار کی شکست سے کے سی آر اپنی دو آنکھوں سے محروم ہوچکے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ سابق میں ارکان پارلیمنٹ نااہل اور نکمے افراد کی طرح کام کرتے رہے ہیں۔ نظام آباد میں ہلدی بورڈ کی تشکیل میں ناکامی پر کویتا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 14 برسوں میں ٹی آر ایس نے جو کام انجام نہیں دیئے وہ کانگریس کے تین ارکان پارلیمنٹ کر دکھائیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کا کام آندھرا کے کنٹراکٹرس کو الاٹ کرتے ہوئے کمیشن حاصل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نلگنڈہ کے آبپاشی پراجکٹس کو فنڈس جاری کرنے سے گریز کر رہے ہیں ۔ انہیں اندیشہ ہے کہ پراجکٹ کی تکمیل سے کریڈٹ کانگریس کے سر جائے گا۔ انہوں نے سرپنچوں کو چیک پاور دیئے جانے کا مطالبہ کیا اور اس سلسلہ میں حکومت سے جدوجہد کرنے کا اعلان کیا ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، ریونت ریڈی اور اتم کمار ریڈی کو گاندھی بھون میں تہنیت پیش کی گئی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دوسری مرتبہ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کے سی آر نے نظم و نسق کو من مانی کیلئے چھوڑ دیا ہے ۔ چیف منسٹر کی محکمہ جات پر کوئی نگرانی نہیں ہے۔ وزیر تعلیم کی عدم موجودگی کے سبب 26 طلبہ نے اپنی جان قربان کردی ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں اور عدم کارکردگی کے بارے میں سوال اٹھانے والے افراد کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ریاست کی تقسیم کے وقت تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے، ان کی تکمیل کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔ وینکٹ ریڈی نے یقین ظاہر کیا کہ نلگنڈہ میں مجالس مقامی کی ایم ایل سی نشست پر کانگریس کامیابی حاصل کرے گی ۔ مجوزہ میونسپل انتخابات میں کانگریس کو بیشتر اضلاع میں اکثریت حاصل ہوگی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی جے پی نے مذہب کا استعمال کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو راہول گاندھی کی قیادت ضروری ہے اور کانگریس پارٹی ان کی قیادت میں دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں سیوریج سسٹم بہتر بنانے کیلئے وزیراعظم سے نمائندگی کریں گے ۔