کوہلی2018 کے کامیاب ترین اور نمبر ایک بیٹسمین

نئی دہلی ۔31 ڈسبمر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی 2018 کا اختتام ٹسٹ اور ونڈے رینکنگ میں نمبر ایک بیٹسمین کے طور پر کریں گے ۔ کوہلی نے اس سال اگست میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کو مات دیکر ٹسٹ کی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا تھا اور وہ 135 دنوں سے اس جگہ پر فائز ہیں۔ کوہلی سال کے آخر میں ٹسٹ رینکنگ میں931 پوائنٹس اور ونڈے میں 899 پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہیں ۔ہندوستانی کپتان ٹیسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن سے34 پوائنٹس کی برتری بنائے ہوئے ہیں۔ اس سال کوہلی نے اپنے کیریئر میں سب سے زیادہ 937 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کئے اور یہ ایک ہندوستانی بیٹسمین کی طرف سے حاصل کئے گئے سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس ہیں ۔ کوہلی کی937 درجہ بندی آل ٹائم بہترین درجہ بندی میں یہ11 ویں بہترین درجہ بندی تھی۔ بہترین درجہ بندی کے معاملے میں کوہلی نے سابق ہندوستانی کپتان سنیل گواسکر کو پیچھے چھوڑا ہے جن کی 916 کی بہترین درجہ بندی تھی۔ہندوستانی کپتان نے اس سال 13 ٹسٹ میچوں میں55.08 کے اوسط سے 1322 رنز بنائے جس میں پانچ سنچریاں اور پانچ نصف سنچری شامل ہیں۔ کوہلی نے اس سال سب سے زیادہ ٹسٹ رنز بنائے ۔ کوہلی نے ونڈے کرکٹ میں 14 میچوں میں133.55 کی اوسط سے 1202 رنز بنائے جس میں چھ سنچریاں اور تین نصف سنچری شامل ہیں۔ اس سال کے اپنی زبردست کارکردگی کی بدولت کوہلی اپنی ٹسٹ سنچریوں کی تعداد25 اور ونڈے سنچریوں کی تعداد38 کر چکے ہیں۔ یہ بھی دلچسپ رہا کہ ٹوئنٹی 20 میں بھی ایک ہندوستانی بیٹسمین نے 2018 میں سب سے زیادہ رنز بنائے ۔ شکھر دھون18 میچوں میں689 کے اسکور کے ساتھ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے رہے ۔تینوں فارمیٹ میں 2018 میں سب سے زیادہ رنز ہندوستانی بیٹسمینوں کے نام رہے ۔