کوہلی 1983کی تاریخ دہرائیں گے:کپل

نئی دہلی۔9 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) 1983 میں انگلینڈ کی سرزمین پرپہلی مرتبہ ہندوستان کوعالمی چمپئن بنانے والے کپتان کپل دیونے یقین ظاہرکیا ہیکہ موجودہ کپتان ویراٹ کوہلی ایک مرتبہ پھرانگلینڈ کی سر زمین پر تاریخ دہرائیں گے۔ کپل نے یہاں’برٹانیا کھاؤورلڈ کپ جاؤ’ کے فاتحین کو ورلڈکپ کا ٹکٹ سونپنے کے بعد میڈیا سے اس میگا ٹورنمنٹ کے سلسلے میں کھل کربات چیت کی۔ یہ پوچھنے پرکہ جس طرح انہوں نے1983 میں تاریخ رقم کی تھی، اسی طرح کوہلی کی ٹیم اس مرتبہ تاریخ دوہرائیگی۔ انہوں نے کہا، آپ کواس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ آپ کی ٹیم ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔ مجھے اس بات کا پورا یقین ہیکہ کوہلی 1983 کی میری تاریخ دہرا سکیں گے۔ سابق کپتان نے30 مئی کو انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دعویداروں کیلئے میزبان انگلینڈ، دفاعی چمپئن آسٹریلیا اورہندوستان کا نام لیا۔ انہوں نے کہا، سیمی فائنل کی چوتھی ٹیم کے سرپرائزکے طورپرنیوزی لینڈ اورویسٹ انڈیزہوسکتے ہیں۔ چوتھی ٹیم کیلئے جنوبی افریقہ اورپاکستان بھی دعویدارہیں۔ سابق ہندوستانی کپتان نے موجودہ ٹیم کو انتہائی متوازن قراردیتے ہوئے کہا،ہندوستان کے پاس نوجوان اورتجربہ کا بہترین تال میل ہے۔ ٹیم کھلاڑیوں کے لحاظ سے انتہائی متوازن ہے، جس میں چارفاسٹ بولرس اورتین اسپنرس ہیں جبکہ ٹیم کے پاس کوہلی اورمہندرسنگھ دھونی کے طورپردوانتہائی تجربہ کارکھلاڑی ہیں۔ کپل دیونے کہا،ہندوستانی ٹیم یقینی طور سے چوٹی کی چار ٹیموں میں شامل رہے گی۔