کوہلی کو سال کے بہترین کھلاڑی کاایوارڈ

متھالی راج کو خاتون زمرہ کا اعلیٰ اعزاز‘ 5جنوسری کو ممبئی میں تقریب
نئی دہلی۔31ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام ) مسلسل ترقی کی سمت گامزن ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو آج سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیاہے ۔ جب کہ متھالی راج کو خاتون زمرہ کے سب سے بڑے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیاہے ۔ بی سی سی آئی کی سالانہ ایوارڈز تقریب کا انعقاد 5جنوری کو ممبئی میں ہوگا ۔  27سالہ بیٹسمین ویراٹ کوہلی جنہوں نے مہیندر سنگھ دھونی کی جانب سے اچانک ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کے بعد ہندوستانی ٹیم کی قیادت سنبھالی ہے

اور ان کی سرپرستی میں ہندوستانی ٹیم کے مظاہروں میں بہتری آئی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے ویراٹ کوہلی کی قیادت میں سری لنکائی سرزمین پر کامیابی کے 22سالہ انتظار کو ختم کیا اور عالمی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم جنوبی افریقہ کو بیرون ملک ناقابل تسخیر رہنے کے 9سالہ ریکارڈ کو بھی توڑا ہے ۔ سیدھے ہاتھ کے بیٹسمین ویراٹ کوہلی نے قیادت کے علاوہ بحیثیت بیٹسمین بھی انہوں نے بہتر مظاہرہ کیا ہے جیسا کہ 15ٹسٹ اننگز میں 42.67 کی اوسط سے 640رنز اسکور کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں 2015ء میں انہوں نے 20ونڈے مقابلوں میں 36.65 اوسط سے 623رنز بنائے ہیں ۔ دوسری جانب متھالی راج ایسی پہلی ہندوستانی اور مجموعی طور پر دوسری بیٹس وومن بنی ہے جنہوں نے رواں برس ونڈے کرکٹ میں 5ہزار رنز اسکور کئے ہیں ۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے شاندار مظاہروں کی وجہ سے انہیں ایم اے چدمبرم ٹرافی سے نوازا جائے گا جو کہ سال کی بہترین خاتون کرکٹر کو دیا جاتا ہے ۔

بی سی سی آئی کی سالانہ تقریب میں دیگر دو اہم ایوارڈس ہیں ان میں کارنامہ حیات ایوارڈ ‘ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین سید کرمانی کو دیا جائے گا ۔ سی کے نائیڈو ایوارڈ کارنامہ حیات کے زمرہ میں دیا جاتا ہے ۔ کرناٹک کے آل راؤنڈر رابن اتھپا کو مادھو راؤ سندھیا ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے رانجی ٹرافی کے 11مقابلوں میں 50.66کی اوسط سے 912رنز اسکور کئے ہیں نیزکرناٹک اسٹیٹ اسوسی ایشن کو سال کی بہترین اسوسی ایشن ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیاہے کیونکہ اس نے رواں سیزن رانجی ٹرافی ‘ ایرانی کپ اور وجئے ہزارے ٹرافی کی میزبانی کی ہے ۔ سب سے زیادہ وکٹیں کا ایوارڈ کرناٹک کے آر ونئے کمار اور ممبئی کے شردھول ٹھاکر کو مشترکہ طور پر دیا جائے گا جن کے وکٹوں کی تعداد48ہے۔