کوکین اسمگلنگ کرنے والا نائجیریائی باشندہ گرفتار

حیدرآباد۔ /30 ڈسمبر (سیاست نیوز)  سال نو کے جشن سے قبل کمشنر ٹاسک فورس نے کوکن کی اسمگلنگ میں ملوث ایک نائیجریائی باشندے کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے 125 گرام ڈرگس برآمد کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی نے بتایا کہ 35 سالہ چکیزی اورجی ساکن پیرم چیرگو ضلع رنگاریڈی 4 سال قبل ملازمت کے ویزے پر ہندوستان آیا تھا اور اس کے ویزا کی مدت 2014 ء میں ختم ہوگئی تھی ۔ غیرقانونی طور پر ہندوستان میں رہنے پر اسے نارسنگی پولیس نے گرفتار کیا تھا اور ضمانت پر رہائی کے بعد وہ پیرم چیرگو نارسنگی میں رہنے لگا ۔ نائیجریائی باشندے نے شہر میں ڈرگس کے کاروبار کے ذریعہ آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے آفریقی باشندے ایمیکا ساکن سینک پوری سکندرآباد سے ہیروئین  1500 روپئے فی گرام حاصل کیا کرتا تھا اور بعد ازاں اسے 5 تا 6 ہزار روپئے میں خواہشمند گاہکوں کو فروخت کرتا تھا ۔ وہ موٹر سائیکل پر گھوم کر اپنے گاہکوں کو ڈرگس فراہم کیا کرتا تھا اور اسی دوران آج سلطان بازار کے بس اسٹاپ پر مقامی پولیس نے ٹاسک فورس کی مدد سے چیکیزی اورجی کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضے سے 125 گرام کوکن اور 10 گرام ہیروئین کے علاوہ 90 ہزار روپئے نقد رقم اور دو موبائیل فون برآمد کرلئے ۔ ڈی سی پی ٹاسک فورس نے بتایا کہ نائجیریائی باشندے کو ڈرگس فراہم کرنے والے آفریقی باشندے ایمیکا کی پولیس کو تلاش ہے اور اسے عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا ۔