کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی میں سنسنی

سڑک حادثہ میں ایک شخص کی موت کے بعد سیندھی کمپاؤنڈ نذر آتش
حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ علاقہ میں آج صبح اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک شخص کی سڑک حادثہ میں موت واقع ہونے کے بعد برہم رشتہ داروں نے غیر قانونی طور پر فروخت کی جارہی سیندھی کے ایک اڈے کو نذر آتش کردیا۔ تفصیلات کے بموجب 37 سالہ شنکر ناتھ ساکن کے پی ایچ بی کالونی آج صبح اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ہائی ٹیک سٹی روڈ کے قریب یو ٹرن لینے کے دوران تیز رفتار آر ٹی سی بس نے اُسے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ شنکر ناتھ نے حادثہ سے کچھ دیر قبل ہی سیندھی پی تھی جو مقامی افراد کے مطابق ایک جھونپڑی میں غیر قانونی طور پر فروخت کی جارہی تھی۔ مقامی افراد نے شنکر ناتھ کو پدمجا ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ شنکر کی موت حالت نشہ میں گاڑی چلانے کے نتیجہ میں ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے برہم رشتہ داروں نے مقامی جھونپڑی کو آگ لگادی جس میں شراب غیر قانونی طور پر فروخت کی جارہی تھی۔ انسپکٹر کے پی ایچ بی مسٹر سی ایچ کشالکر نے بتایا کہ جھونپڑی میں غیر قانونی طور پر سیندھی فروخت کی جارہی تھی اور پولیس نے اس کاروبار میں ملوث دو افراد کو گرفتارکرلیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ علاقہ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔ متوفی کی نعش کو سرکاری ہاسپٹل کے مردہ خانہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا گیا اور آر ٹی سی بس ڈرائیور کے خلاف بھی لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا گیا۔