کوکٹ پلی کے حاجی کا مکہ مکرمہ میں انتقال

حیدرآباد ۔ 20۔ستمبر (سیاست نیوز) کوکٹ پلی حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک حاجی کا آج مکہ مکرمہ میں انتقال ہوگیا ۔ 42 سالہ محمد جہانگیر علی جن کا کور نمبر TSF-4482-3 ہے وہ اپنی والدہ اور اہلیہ کے ہمراہ 4 اگست کو حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہوئے تھے۔ 14 ستمبر کو ان کی واپسی تھی۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد پیٹ میں ٹیومر کا پتہ چلا جس کا النور ہاسپٹل میں آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے بعد بھی ان کی حالت تشویشناک برقرار رہی اور آج شام ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی والدہ 14 ستمبر کو حیدرآباد واپس ہوگئیں جبکہ اہلیہ مکہ مکرمہ میں رک گئیں۔ ان کے بھائی اور ایک رشتہ دار کل مکہ مکر مکرمہ پہنچے تاکہ علاج کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں۔ انتقال کی اطلاع ملنے پر اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے مرحوم محمد جہانگیر علی کے رشتہ داروں سے ربط قائم کیا ۔ انہوں نے جدہ میں ہندوستانی قونصلیٹ اور حج مشن سے بات کی اور تدفین کے انتظامات کی خواہش کی۔ توقع ہے کہ جمعہ کو مکہ مکرمہ میں تدفین عمل میں آئے گی۔ اسی دوران دیگر دو حجاج کرام سعودی عرب میں زیر علاج ہے۔ ایک مکہ مکرمہ اور دوسرے مدینہ منورہ کے ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔